رسائی کے لنکس

ارمیلا نے ممبئی میں اپنے دوست کشمیری ماڈل اور بزنس مین محسن اختر میر کو جیون ساتھی بنا لیا اور یوں بالی وڈ کی مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی جوڑیوں میں ایک اور جوڑی کا اضافہ ہوگیا

بالی وڈ کی ’رنگیلا گرل‘ ارمیلا مٹونڈکر بھی پیا گھر سدھار گئیں۔ ارمیلا نے ممبئی میں اپنے دوست کشمیری ماڈل اور بزنس مین محسن اختر میر کو جیون ساتھی بنا لیا، اور یوں، بالی وڈ کی مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی جوڑیوں میں ایک اور جوڑی کا اضافہ ہوگیا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق، ارمیلا اور محسن نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں ارمیلا کی رہائش گاہ پر ایک دوسرے کے ساتھ پھیرے لئے۔ ارمیلا اور محسن کی ’انٹر فیتھ‘ یعنی بین المذاہب شادی کی ایک تقریب تو ہوگئی، لیکن ابھی ایک اور تقریب ہونا باقی ہے، جس میں دونوں کا نکاح مسلم رسم و رواج اور عقائد کے مطابق پڑھایا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’بالی وڈ لائف‘ کا کہنا ہے کہ ارمیلا اور محسن جلد ہی اپنی شادی کی خوشی میں ایک شاندار دعوت کا اہتمام کریں گے جس میں فلم، فیشن، شوبز اور دیگر شعبوں کی جانی مانی ہستیاں شرکت کریں گی۔

شادی کی پہلی تقریب مکمل طور پر نجی تھی جس میں قریبی دوست اور رشتے دار شریک ہوئے۔ مشہور ڈیزائنر منیش ملہوترا بالی وڈ کی واحد ہستی تھے جو تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے دلہن بنی انتہائی خوش دکھائی دینے والی ارمیلا کے ساتھ اپنی سیلفی بھی شیئر کی۔

ارمیلا کی اچانک شادی نہ صرف ان کے لئے بلکہ بالی وڈ کے لئے بھی خوشگوار سرپرائز ثابت ہوئی اور بالی وڈ سلیبریٹریز نے ٹوئٹر پر ارمیلا کو شادی کی مبارکباد دی۔

مایہ ناز اداکار رشی کپور نے ارمیلا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارمیلا فلموں میں میری بیٹی، بہن اور محبوبہ کا کردار ادا کر چکی ہیں جو غالباً ایک ریکارڈ ہوگا۔۔ارمیلا کوشادی مبارک ہو۔

یہ پہلا موقع نہیں جب بالی وڈ کی کسی شخصیت نے مختلف مذہب سے تعلق رکھنے والے سے شادی کی ہو۔ ماضی میں مشہور ہیروئن نرگس مسلمان تھیں جبکہ ان کے شوہر سنیل دت ہندو تھے۔

کنگ خان مسلمان اور انکی بیوی گوری ہندو ہیں۔ اسی طرح نصیرالدین شاہ کی بیوی رتنا پاٹھک شاہ اور عامر خان کی اہلیہ کرن راوٴ ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں۔

بیالیس سالہ ارمیلا مٹونڈکر کی مشہور فلموں میں ’رنگیلا‘، ’ستیا‘ اور ’جدائی‘ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG