رسائی کے لنکس

بوسٹن: میراتھون مقدمہ، سزا کے تعین کے دلائل کا آغاز


کمرہٴعدالت (اسکیچ)
کمرہٴعدالت (اسکیچ)

زوخار کے وکلا جیوری کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اُنھیں سزائے موت نہ دی جائے، بلکہ بغیر ضمانت کے عمر قید ہونی چاہیئے، جو 11 ستمبر 2001ء کے بعد امریکی سرزمین پر ہونے والے سب سے بڑے حملے تھے

بوسٹن میراتھون ریس بم حملہ کیس میں جمعرات سے حملہ آور، زوخار سارنیف کے وکلا نے 21 سالہ سابق چیچن کو عمرقید کی سزا دینے کے حق میں دلائل کا آغاز کیا۔ اپنے استدلال میں، وکلا کا مؤقف تھا کہ زوخار اپنے بڑے بھائی کے زیر اثر تھا، جنھوں نے ہی اُن کے خیالات میں شدت کا عنصر پیدا کیا۔

زوخار کو گذشتہ ماہ قصور وار ٹھہرایا گیا تھا، جن پر الزام ثابت ہوچکا ہے کہ اُنھوں نے اپنے بڑے بھائی تمرلان سے مل کر 15 اپریل 2013ء کو میراتھوں ریس کی فنش لائن پر بم حملہ کیا، جس میں تین افراد ہلاک جب کہ 264 زخمی ہوئے، جن میں سے متعدد افراد کے اعضاٴ جسم سے جدا ہوئے۔

اب اُن کے وکلا جیوری کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اُسے سزائے موت نہ دی جائے، بلکہ بغیر ضمانت کے عمر قید ہونی چاہیئے، جو 11 ستمبر 2001ء کے بعد امریکی سرزمین پر ہونے والے سب سے بڑے حملے تھے۔

گذشتہ دو ہفتوں کے دوران مدعا علیہ کی جانب سے 40 سے زائد شہادتیں پیش ہوئیں، جن میں سے اکثریت نے دعویٰ کیا کہ چیچن نسل کا یہ نوجوان نرم لہجے کے لیے مشہور رہا ہے، ایسے میں جب اُن کے کالج کے نتائج میں فرق پڑا اور اُن کا خاندان مسائل میں گھر گیا، اور یہ کہ بچپن سے ہی یہ نوجوان اچھی طبیعت کا حامل رہا ہے۔

طویل مدت سے خاندان کے دوست، المرزا خوزوگوف نے بدھ کے روز اپنی شہادت میں بتایا کہ زوخار وہی کچھ کرتا تھا جو اُن کا بڑا بھائی، تمرلان اُسے کہا کرتا تھا۔ اور یہ کہ حملے سے چند ہی برس قبل، زوخار کا رجحان مذہب، سیاست اور سازش کے نظریے میں یقین کی طرف مائل ہوا۔

تفتیش کاروں نے دونوں حملہ آوروں کے قبضے سے برآمد ہونے والے کمپیوٹرز سے القاعدہ کے لیے کی گئی پروپیگنڈا کا پتا لگایا، جب کہ اپنے ایک رقعے میں زوخار نے کہا تھا کہ اُن کا یہ بم حملہ امریکی فوج کی جانب سے مسلمان ملکوں میں کی جانے والی مداخلت کا بدلہ ہے۔

چھبیس برس کا تمرلان بم حملوں کے تین روز بعد پولیس کے ساتھ گولیوں کے تبادلے میں مارا گیا۔

آٹھ برس کا مارٹن رچرڈ، 23 سالہ تبادلے پر امریکہ آنے والی چینی لڑکی، لو لِنگزی اور 29 برس کے ریستوران کے منیجر، کرسٹل کیمپ بیل ہلاک ہوئے۔ سارنیف برادران نے میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایک پولیس اہل کار، شین کولیئر کو بھی گولی مار کر ہلاک کیا۔

XS
SM
MD
LG