رسائی کے لنکس

بی پی کو اپنی بھاری ذمہ داری کا احساس ہے: ٹونی ہیوارڈ


قانون سازوں نے اُن سے کمپنی کے تیل کی کھدائی کے طریقہٴ کار اورتیل کے کنووٴں کی تعمیر کے بارے میں سوالات کیے۔ بی پی کے ایک کنویں سے اس وقت ہزاروں بیرل تیل یومیہ خارج ہوکر خلیج میکسیکو میں بہہ رہا ہے

برٹش پیٹرولیم کے چیف ایکزیکٹو، ٹونی ہیوارڈ نےکہا ہےکہ وہ خلیج میکسیکو میں تیل کےبڑےپیمانے پراخراج کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہیں، لیکن اِس حادثے کی وجوہات کے بارےمیں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ۔

اُنھوں نے یہ بات جمعرات کو امریکی ایوانِ نمائندگان کی ایک ذیلی کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہی۔ قانون سازوں نے اُن سے کمپنی کے تیل کی کھدائی کے طریقہٴ کار اورتیل کے کنووٴں کی تعمیر کے بارے میں سوالات کیے۔ بی پی کے ایک کنویں سے اس وقت ہزاروں بیرل تیل یومیہ خارج ہوکر خلیج میکسیکو میں بہہ رہا ہے۔

قانون ساز، جِن میں پینل کے چیرمین بارٹ اسٹوپک سمیت کانگریس کےمتعدد اراکین نے کمپنی پر الزام لگایا کہ وہ وقت اور پیسہ بچانے کی خاطر خطرناک قسم کاطریقہٴ کار اپنا رہی ہے۔

لیکن، ہیوارڈ نے متعدد بار کہا کہ وہ فیصلے کرنے کے عمل میں شامل نہیں رہے، یا یہ کہ 20اپریل کو لوزیانا کے ساحل سے دور تیل کی رِگ میں دھماکے کے بعد بی پی کی طرف سے حادثے کے بارے میں ہونے والی اپنی تفتیش کے نتائج کے منتظر ہیں۔

نمائندے ہینری ویکس مین نے ہیوارڈ پر کمیٹی کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا الزام لگایا، جس کی ہیوارڈ نے تردید کی۔

ہیوارڈ نے تیل کے تباہ کُن اخراج پر امریکی لوگوں سےمعذرت کی اور کہا کہ اِس حادثے کو ہونا ہی نہیں چاہیئے تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ ٹوٹے ہوئے کنویں کی مرمت اور تیل کے اخراج کو روکنےکے ہر ممکن اقدام لیے جا رہے ہیں، جس میں اندازاً یومیہ 60000بیرل تیل بہہ رہا ہے۔

ری پبلیکن پارٹی کے قانون ساز ، جو بارٹن نے ہیوارڈ سے ایوانِ نمائندگان کی طرف سے یہ بات کہنے پر معذرت کی جو اُن کے بقول ، وائیٹ ہاؤس نے زبردستی 20ارب ڈالر کی رقم حاصل کرلی۔

وہ بدھ کے روز وائیٹ ہاؤس میں صدر براک اوباما کی بی پی کے عہدے داروں سےاُس ملاقات کی نشاندہی کر رہے تھے جس میں 20ارب ڈالر کے ہرجانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ لیکن وائیٹ ہاؤس نے بارٹن کے تبصرے کو مسترد کرتے ہوئے اِسے شرمناک قرار دیا، اور کہا کہ رُکنِ کانگریس کوتیل کے اخراج سے متاثرین کے مقابلے میں بڑی کارپوریشنوں کی زیادہ فکر ہے۔

20اپریل کو لوزیانا کے ساحل سے دور تیل کی رِگ کے حادثے میں 11کارکن ہلاک ہوئے۔ صدر اوباما نے تیل کے اخراج کو ملک کو درپیش آنے والی بدترین ماحولیاتی آفت قرار دیا ۔ سماعت کے دوران، ہیوارڈ نے وعدہ کیا کہ برٹش پیٹرولیم صفائی پر اُٹھنے والی تمام لاگت،نقصانات اور ہرجانے کے تمام جائز دعووٴں کو پورا کرے گی۔

XS
SM
MD
LG