رسائی کے لنکس

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ ایک اور بچہ گود لیں گے


اس سے قبل، دونوں فنکار چھ مختلف قومیتوں کے بچے گود لے چکے ہیں۔ ساتویں بچے کو گود لینے کے لئے انہوں نے ایتھوپیا کے یتیم خانوں سے رابطہ کیا ہے

ہالی ووڈ کی فلمی جوڑی براڈ پٹ اور انجلینا جولی نے ایک اور بچے کو گود لینے کا ارادہ کرلیا ہے۔ اگر ان کا یہ ارادہ کامیاب ہوا تو ان کے لے پالک بچوں کی تعداد سات ہوجائے گی۔

ان کے چھ بچوں کی عمریں بالترتیب 12، 10، 9، 7 اور باقی دو بچوں کی عمریں پانچ پانچ سال ہیں۔ برطانوی ویب سائٹ ’فیمیل فرسٹ‘ نے ایک میگزین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ انجلینا اور براڈ نے کافی دنوں تک سوچ بچار کے بعد اپنے اہل خانہ کی تعداد میں مزید ایک بچے کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ، انجلینا اور براڈ پہلے ایک اردنی بچہ گود لینے کی تیاریوں میں تھے، لیکن اردنی قوانین و ضوابط مشکل ہونے کے سبب انہیں اپنا ارادہ ترک کرنا پڑا۔ اب یہ جوڑا افریقی ملک ایتھوپیا کے یتیم خانوں سے رابطے میں ہے۔

انجلینا اور براڈ اس بار چھوٹی عمر کی ایک لڑکی گود لینے کے خواہشمند ہیں جس کی عمر دو، تین سال سے زیادہ نہ ہو۔ دونوں فنکار ایتھوپیا میں ہی ایڈز کے مریضوں کے ایک کلینک قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ مذکورہ دونوں کاموں کی تکمیل کی غرض سے اپریل میں ایتھوپیا کا دورہ کریں گے۔
XS
SM
MD
LG