رسائی کے لنکس

مادام تساؤ نے بدھ کے روز ٹویٹ میں کہا کہ انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی طلاق کی خبر کے بعد ان کے مجسموں کو ایک دوسرے سے الگ کر دیا گیا ہے

ہالی وڈ کی خوبصورت جوڑی انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی طلاق کی خبر نے دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کو افسردہ کر دیا ہے۔ لیکن، مداحوں کو یہ خبر اور بھی چونکا دے گی کہ لندن کے مشہور مومی عجائب گھر مادام تساؤ میں انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کے مومی مجسموں بھی ایک دوسرے سے جدا ہوگئے ہیں۔

مادام تساؤ کے مطابق انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی مقبول جوڑی کو مادام تساؤ میں باضابطہ طور پر الگ کردیا گیا ہے۔

انجیلنا جولی کے وکیل رابرٹ آفر نے منگل کو بتایا تھا کہ انجیلینا جولی نے شادی کی تنسیخ کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی کی ہے جبکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ فیصلہ بچوں کی صحت کی خاطر کیا گیا ہے۔

مادام تساؤ نے بدھ کے روز ٹویٹ میں کہا کہ انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی طلاق کی خبر کے بعد ان کے مجسموں کو ایک دوسرے سے الگ کر دیا گیا ہے۔

مادام تساؤ نے اس ٹویٹ کےساتھ ایک تصویر بھی شامل کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 'برنجیلنا' کہی جانے والی جوڑی ٹوٹ گئی ہے اور انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کے مجسمے اب ایک ساتھ نہیں رہے ہیں۔

مادام تساؤ کے ترجمان نے کہا کہ ''ہم نے انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی طلاق کی خبر پر اپنا فوری رد عمل ظاہر کیا ہے اور ان کی علحیدگی کو مادام تساؤ میں دیکھایا ہے''۔

اس سے پہلے برنجیلینا جوڑی کے مجسموں کو شانہ بشانہ کھڑا کیا گیا تھا جنھیں اب ایک دوسرے سے مناسب فاصلے پر رکھا دیا گیا ہے۔

دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار بریڈ پٹ کے مجسمے نے ساتھی اداکار مورگن فری مین نے سنگت اختیار کر لی ہے، جبکہ انجیلینا جولی کے مجسمے کو اداکارہ نکول کیڈمین کے ساتھ کھڑا کیا گیا ہے۔

انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کی رومانوی جوڑی 14 برس سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے ان کی پہلی ملاقات 2005 میں فلم مسٹر اینڈ مسز اسمتھ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔

انھوں نے طویل رومانوی تعلقات کے بعد 2014 میں دونوں نے شادی کر لی تھی۔ ان کے چھ بچے ہیں.

مادام تساؤ کا کہنا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ ہالی وڈ جوڑی انجیلینا اور بریڈ پٹ کے مومی مجسمے 2005 سے عجائب گھر کی زینت بنے ہوئے ہیں، جبکہ 2013 میں بریڈ پٹ کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کے نئے مجسموں کو اصل مجسموں سے تبدیل کردیا گیا تھا۔

انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کے مجسموں کو مادام تساؤ کے پارٹی ایریا میں مشہور ہالی وڈ ستاروں کے درمیان رکھا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG