رسائی کے لنکس

برازیل کو شکست، نیدرلینڈز کی تیسری پوزیشن


ہوم گراؤنڈ پر 39 سال سے ناقابلِ شکست چلی آرہی برازیل کی ٹیم کو پانچ روز میں یہ دوسری شکست اٹھانا پڑی ہے۔

فٹ بال ورلڈ کپ 2014ء کی تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والے میچ میں نیدرلینڈز نے میزبان برازیل کو 0-3 سے شکست دیدی ہے۔

ہفتے کو برازیلیا میں کھیلے جانے والے میچ میں برازیل کی ٹیم ایک بار پھر حواس باختہ دکھائی دی اور ڈچ کھلاڑیوں کے حملوں کو روکنے میں ناکام رہی۔

خیال رہے کہ سیمی فائنل میں بھی میزبان برازیل نے جرمنی کے ہاتھوں 1کے مقابلے میں سات گول سے اپنی تاریخ کی بدترین شکست کھائی تھی۔

ہفتے کو تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والے میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے پہلے 17 منٹ میں ہی حریف ٹیم پر دو گول کی برتری حاصل کرلی تھی۔

نیدرلینڈ کی جانب سے پہلا گول تیسرے منٹ میں روبن وین پرسی نے پینلٹی پر کیا۔ سترہویں منٹ میں ڈیلے بلائنڈ نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری مستحکم کردی۔

میچ کے 'اسٹاپیج ٹائم' میں جارجینیو ونلڈم نے تیسرا گول کرکے برازیل کی شکست کو ورلڈ کپ کے میزبان شائقین کے لیے مزید تلخ بنادیا۔

ہوم گراؤنڈ پر 39 سال سے ناقابلِ شکست چلی آرہی برازیل کی ٹیم کو پانچ روز میں یہ دوسری شکست اٹھانا پڑی ہے۔

ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو ریوڈی جنیرو میں جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل 1986ء اور 1990ء کے ورلڈ کپس کے فائنل میں بھی جرمنی اور ارجنٹائن ایک دوسرے کے مدِ مقابل آچکے ہیں اور تاریخ میں پہلی بار دو ٹیمیں تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں مدِ مقابل ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG