رسائی کے لنکس

برازیل: صدارتی امیدوار طیارہ حادثے میں ہلاک


ایڈوارڈو کامپوس برازیل کی جنوب مشرقی ریاست پرنامبوکو کے گورنر رہے ہیں
ایڈوارڈو کامپوس برازیل کی جنوب مشرقی ریاست پرنامبوکو کے گورنر رہے ہیں

کامپوس صدارتی عہدے کی دوڑ میں تیسرے نمبر پر تھے اور انہیں 10 فی صد رائے دہندگان کی حمایت حاصل تھی۔

برازیل کے صدر کے عہدے کے ایک اہم امیدوار نجی طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی ٹی وی چینل 'گلوبو نیوز' کے مطابق ایڈوارڈو کامپوس کے جیٹ طیارے کو دارالحکومت ساؤ پولو کے جنوب میں واقع ساحلی شہر سانتوس میں حادثہ پیش آیا۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق طیارہ لینڈنگ کےدوران خراب موسم کے باعث ہوائی اڈے کے ساتھ واقع رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔

'گلوبو نیوز' کے مطابق طیارے میں کامپوس سمیت سات افراد سوار تھے جن میں سے چینل نے کامپوس کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ سے کم از کم پانچ افراد کو شدید زخمی حالت میں ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن کی شناخت تاحال نہیں بتائی گئی۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے کامپوس برازیل کی سوشلسٹ پارٹی کے رہنما اور اکتوبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں پارٹی کے امیدوار تھے۔

عوامی رائے عامہ کے ایک حالیہ جائزے کے مطابق 49 سالہ کامپوس صدارتی عہدے کی دوڑ میں تیسرے نمبر پر تھے اور انہیں 10 فی صد رائے دہندگان کی حمایت حاصل تھی۔

اگر حادثے میں کامپوس کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی تو امکان ہے کہ صدارتی عہدے کی دوڑ میں شریک دونوں سرِ فہرست امیدوار – موجودہ صدر دیلما روزیف اور سینیٹر ایشیو نیوز – کامپوس کے سوگ اپنی اپنی انتخابی مہم چند روز کے لیے معطل کردیں گے۔

پانچ اکتوبر کو ہونے والے انتخاب سے قبل سامنے آنے والے جائزوں کے مطابق صدر روزیف کو 36 فی صد رائے دہندگان کی حمایت حاصل ہے جو دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑ رہی ہیں۔

سینیٹر نیوز 20 فی صد رائے دہندگان کی حمایت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ امکان ہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار 50 فی صد سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے گا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں سینیٹر نیوز اور صدر روزیف کے درمیان دو بدو مقابلہ ہوگا۔

ایڈوارڈو کامپوس برازیل کی جنوب مشرقی ریاست پرنامبوکو کے گورنر رہے ہیں اور اپنے کاروبار دوست منشور کے باعث انہیں کئی بڑے بینکوں اور صنعتی گروپوں کی حمایت حاصل تھی۔

ان کی ہلاکت کی تصدیق ہونے کی صورت میں ان کے ساتھ نائب صدارت کی امیدوار مارینا سِلو سوشلسٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار قرار پائیں گی۔

کامپوس کے طیارے کو پیش آنے والا حادثے کی خبر نشر ہونے کے بعد برازیل کے مرکزی اسٹاک ایکسچینج میں حصص کے کاروبار میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے جب کہ برازیلین کرنسی کی قدر میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG