رسائی کے لنکس

کوسٹا ریکا پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا


کوسٹا ریکا اور یونان کی ٹیمیں جب مقررہ اور اضافی وقت میں ایک دوسرے پر سبقت نہ لے جا سکیں تو میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔

برازیل میں جاری فٹبال عالمی کپ کے پری کوارٹر فائنل میں کوسٹا ریکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد یونان کو پنلٹی ککس پر پانچ کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

میچ کے پہلے ہاف میں کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں کوسٹا ریکا کے کپتان نے 52 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تاہم میچ کے 90 ویں منٹ میں یونانی کھلاڑی سوکراتیس پاپاستاتھو پولوس نے گول کر کے میچ ایک ایک سے برابر کر دیا۔

جب دونوں ٹیمیں مقررہ اور اضافی وقت میں ایک دوسرے پر سبقت نہ لے جا سکیں تو میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔

کوسٹا ریکا نے پانچوں پنلٹی ککس پر گول کیے جب کہ یونان چوتھی پنلٹی پر گول نہ کر سکا اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔

کوسٹا ریکا نے پہلی بار کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

کوسٹاریکا نے اس ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دیکھائی ہے اور اپنے گروپ میں سات پوائنٹس حاصل کر کے سر فہرست رہا۔

کوسٹا ریکا نے اٹلی اور یوروگوائے کو شکست دی جبکہ انگلینڈ کے خلاف اس کا میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔

کوارٹر فائنل میں کوسٹا ریکا کا مقابلہ ہالینڈ سے چھ جولائی کو ہو گا۔

XS
SM
MD
LG