رسائی کے لنکس

برازیل: سیاحوں کی بس کو حادثہ، 49 افراد ہلاک


فائل

فائل

جائے حادثہ پر ہفتے کی رات تک امدادی کارروائیاں جاری تھیں اور امدادی اہلکار بس کا ڈھانچہ کاٹ کر اس میں پھنسی لاشیں نکال رہے تھے۔

برازیل کے جنوبی علاقے میں سیاحوں کی ایک بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں کم از کم 49 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ جنوبی ریاست سانتا کاتارینا میں ہفتے کی شب پیش آیا جہاں سیاحوں سے بھری ایک بس پہاڑی موڑ کاٹتے ہوئے کھائی سے نیچے جنگل میں جا گری۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بس سیاحوں سے بھری ہوئی تھی جو پڑوسی ریاست پرانا سے آرہے تھے۔ حادثہ رات کے اوقات میں پیش آنے کے باعث امدادی اہلکار تاخیر سے پہنچے جس کے باعث شاہراہ سے گزرنے والے عام مسافروں نے بس میں پھنسے لوگوں کو فوری امداد فراہم کی۔

حکام کے مطابق بس کی منزل جوائن ویلے نامی شہر تھا جو شہر سے 10 کلومیٹر قبل مرکزی شاہراہ پر حادثے کا شکار ہوئی۔

پولیس کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہوسکا ہے لیکن پولیس کو شبہ ہے کہ بس کے بریک فیل ہوگئے تھے۔

جائے حادثہ پر ہفتے کی رات تک امدادی کارروائیاں جاری تھیں اور امدادی اہلکار بس کا ڈھانچہ کاٹ کر اس میں پھنسی لاشیں نکال رہے تھے۔

حکام نے بتایا ہے کہ امدادی اہلکاروں نے کم از کم چھ زخمیوں کو جائے حادثہ سے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسے بس میں سوار مسافروں کی صحیح تعداد کا علم نہیں اور نہ ہی تاحال یہ واضح ہے کہ مرنے والوں میں بس کا ڈرائیور بھی شامل تھا یا نہیں۔

بس میں سوار مسافروں کی صحیح تعداد کا علم نہ ہونے کے باعث حکام کا کہنا ہے کہ بس سے مزید لاشیں بھی برآمد ہوسکتی ہیں۔

خیال رہے کہ برازیل میں ٹریفک حادثات معمول ہیں اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہر سال ملک میں 43 ہزار افراد روڈ حادثات کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG