رسائی کے لنکس

فیشن اور گلیمر کی رنگینیوں کے ساتھ سجا شاندار ’برائیڈل شو‘


برائیڈل شو میں تین دنوں تک ملک کے ٹاپ فیشن ڈیزائنرز نے اپنی تخلیقات اور تصور کو دلکش ملبوسات کی شکل میں ماڈلز کے ذریعے عوام کے ذوق کی تسکین کے لئے پیش کیا

کراچی میں ’برائیڈل کورٹیئرویک ۔۔دی گولڈن ایڈیشن‘۔۔ یعنی اگر عرف عام میں کہیں تو ’برائیڈل شو‘۔۔ فیشن اور گلیمر کی رنگینیاں سمیٹے اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ سب کی توجہ کا مرکز رہا اور بالآخر اپنے اختتام کو پہنچا۔

برائیڈل شو میں تین دنوں تک ملک کے ٹاپ فیشن ڈیزائنرز نے اپنی تخلیقات اور تصور کو دلکش ملبوسات کی شکل میں ماڈلز کے ذریعے عوام کے ذوق کی تسکین کے لئے پیش کیا۔

’ہم ٹی وی‘ کے پبلک ریلیشنز ایگزیکٹیو، منہاس صغیر نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ”شو کے لئے حسبِ روایت اس بار بھی انتہائی شاندار اسٹیج سجایا گیا تھا جس نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ شو کے پہلے دن ملک کے عروسی رجحانات کو یکجا کردیا گیا جبکہ تیسرے دن نکی نینا، رنگ جا، عمران راجپوت، عائشہ عمران، آصفہ و نبیل، عامر عدنان، سونیا بٹلہ اور گرینڈ کو رٹیئرز نے اپنے منفرد اور خوبصورت ملبوسات نمائش کے لئے پیش کئے۔

گرینڈ کورٹییرز میں زارا شاہ جہاں، کامیرہ روکنی، شمائل انصاری، شہرزاد، ثانیہ و عمیر، ندا ازویر، عمیر سید اور عیلان شامل تھے، جبکہ تقریب کی آفیشل فوٹوگرافی احسن قریشی، حارث عثمانی اور کاشف راشد نے کی۔

پاکستان کی فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بڑے بڑے نام ہمیشہ برائیڈل شوز کا حصہ ہوتے ہیں اور اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔ عامر عدنان کی کلیکشن کو ریمپ پر پیش کرنے والوں میں بہت سے سپر اسٹارز جیسے اظفر رحمٰن، عرفان خان، جارج فلٹن، نور حسن، فہد مرزا، اعجاز اسلم، وقارعلی خان، معمر رانا، شہزاد شیخ، علی سفینا، جاوید شیخ، احسن خان، عدنان صدیقی، ثروت گیلانی، حرا ترین، فلا خان اور ایشا شامل تھے۔

سونیا بٹلہ کی کلیکشن کو زیب تن کیا ٹی وی اور فلم کے سپر اسٹارز ہمایوں سعید اور سوہائی علی ابڑو نے جبکہ ان کا بھرپور ساتھ نبھایا ڈاکٹر جواد اور مسرت مصباح نے۔ زاہد احمد، یاسر مظہر، آغا علی اور سمیع خان نے عمران راجپوت کے لئے ریمپ پر واک کی۔

آصفہ اور نبیل کے ملبوسات کی نمائش ثنا جاوید جبکہ جنید خان نے رنگ جا کی تخلیقات پیش کیں جنہیں شو کے شرکاء نے بے حد سراہا۔

برائیڈل ویک سال میں دو مرتبہ، دو شہروں یعنی کراچی اور لاہور میں ہوتا ہے۔ ہم ٹی وی کی سربراہ سلطانہ صدیقی کے بقول ”اس تقریب کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنا ہے۔ ہم شوز کے ذریعے فیشن انڈسٹری کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جو فیشن کی صنعت کے روشن مستقبل کا ضامن ہے۔“

XS
SM
MD
LG