رسائی کے لنکس

حساب کے سوال کا غلط جواب دینے پر دلہن کا شادی سے انکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دلہے کے گھر والوں نے دلہن کو منانے کی کافی کوشش کی لیکن اس نے یہ کہہ کر مفاہمت سے انکار کر دیا کہ لڑکے کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں اس سے غلط بیانی سے کام لیا گیا۔

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں دلہے کی طرف سے حساب کے آسان سے سوال کا غلط جواب دینے پر دلہن شادی کی تقریب چھوڑ کر چلی گئی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے مطابق پولیس افسر راکیش کمار نے جمعہ کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کو دیر گئے صنعتی شہر کانپور کے گاؤں رسول آباد میں پیش آیا۔

دلہن نے شادی کی تقریب میں اپنے ہونے والے دلہے سے پوچھا کہ 15 جمع 6 کتنے ہوئے تو دلہے کا جواب تھا 17۔

دلہے کے گھر والوں نے دلہن کو منانے کی کافی کوشش کی لیکن اس نے یہ کہہ کر مفاہمت سے انکار کر دیا کہ لڑکے کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں اس سے غلط بیانی سے کام لیا گیا۔

دلہن کے والد موہر سنگھ کا کہنا تھا کہ "دولہے والوں نے لڑکے کی تعلیم کے بارے میں ہمیں اندھیرے میں رکھا، کوئی پہلی جماعت کا بچہ بھی اس سوال کا جواب دے سکتا ہے۔"

مقامی پولیس نے دونوں خاندانوں میں تلخی دور کرنے کے لیے کردار ادا کیا اور شادی سے پہلے ایک دوسرے کو دیے گئے تحائف اور زیوارت بھی دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے کو واپس کر دیے۔

گزشتہ ماہ اترپردیش ہی میں ایک دلہن نے اس وقت شادی سے انکار کر دیا تھا جب پھولوں کا ہار پہناتے ہوئے دلہے کو مرگی کا دورہ پڑا اور وہ زمین پر گر پڑا۔

دلہن کا کہنا تھا کہ چونکہ دولہے کی صحت کے بارے میں لڑکے والوں نے انھیں دھوکہ دیا لہذا وہ یہ شادی نہیں کرے گی۔ دلہن نے تقریب میں شریک ایک اور مہمان سے اس کی رضامندی کے بعد شادی کر لی تھی۔

XS
SM
MD
LG