رسائی کے لنکس

فرانس اور برطانیہ میں شدید طوفان، بارشیں


فرانس بھر میں لگ بھگ ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کو بجلی کی ترسیل معطل ہے جس کے باعث ان گھروں کے مکین بدھ کو بجلی کے بغیر 'کرسمس' منا رہے ہیں۔

یورپ کے دو بڑے ملک فرانس اور برطانیہ شدید طوفانوں کی زد میں ہیں جس کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جب کہ سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

فرانس کے جنوبی علاقے میں بدھ کو طاقت ور ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشیں ہورہی ہیں جس کے باعث بجلی کی ترسیل اور پروازوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ بارشوں کے باعث فرانس کے شمال مغربی علاقے برٹنی میں سیلابی صورتِ حال ہے۔

فرانس بھر میں لگ بھگ ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کو بجلی کی ترسیل معطل ہے جس کے باعث ان گھروں کے مکین بدھ کو بجلی کے بغیر 'کرسمس' منا رہے ہیں۔

طوفان کے باعث نائس شہر کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی بند کردیا گیا ہے اور وہاں آنے اور جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

سرمائی طوفان نے منگل کو فرانس اور برطانیہ کو نشانہ بنایا تھا جس کے باعث برطانیہ میں اب تک پانچ اور فرانس میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

طوفانی بارشوں کے باعث پروازوں کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں ٹرین اور فیری سروس بھی معطل ہوگئی ہے۔

برطانیہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں کا وسیع رقبہ حالیہ طوفان کے نشانے پر ہے جہاں سنگین نوعیت کے سیلابوں کی 300 سے زیادہ 'وارننگز' جاری کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق منگل کو ہونے والی طوفانی بارشوں اور ان کے نتیجے میں جنم لینے والی سیلابی صورتِ حال کے باعث لاکھوں گھروں کو بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی تھی جن میں سے اب بھی لگ بھگ 50 ہزار گھر تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور ان کے مکین اندھیرے میں کرسمس منانے پر مجبور ہیں۔

دونوں ملکوں کو نشانہ بنانے والے طوفان کی رفتار 145 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی تھی جس میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ بدھ کو شمالی فرانس کے بیشتر علاقے شدید طوفان کے اثر سے نکل آئے ہیں لیکن اب بھی جنوب مشرقی فرانس اور بحیرہ روم کے ساتھ واقع ساحلی پٹی طوفا ن کے نشانے پر ہیں۔

طوفان کے باعث لندن کے ہوائی اڈے 'گیٹ وک' کو بھی بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے جس سے پروازوں کو تاخیر اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
XS
SM
MD
LG