رسائی کے لنکس

برطانیہ میں ممکنہ دہشت گردی کے 9 ملزمان جیل منتقل


برطانیہ میں ممکنہ دہشت گردی کے 9 ملزمان جیل منتقل
برطانیہ میں ممکنہ دہشت گردی کے 9 ملزمان جیل منتقل

ایک برطانوی عدالت نے دہشت گردانہ حملوں کی پلاننگ کے شبہے میں گزشتہ ہفتے گرفتار کیے گئے نو افراد کو مقدمے کی آئندہ سماعت تک جیل بھیج دیا ہے۔

پیر کے روز برطانوی پولیس نے گزشتہ ہفتے گرفتار کیے جانے والے مبینہ دہشت گردوں کو کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ کاروائی کے دوران ملزمان پر عائد کیے گئے الزامات پڑھ کر سنائے گئے جس کے بعد عدالت نے مقدمہ کی سماعت آئندہ ماہ جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کردیا۔

گرفتار شدگان ان 12 افراد میں شامل تھے جنہیں برطانوی پولیس نے گزشتہ ہفتے لندن، کارڈف اور اسٹوک آن ٹرینٹ کے علاقوں سے چھاپے مار کر گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں تین افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔ باقی نو افراد پر استغاثہ کی جانب سے برطانیہ کے مختلف شہروں میں بم حملوں کی منصوبہ بندی اور دہشت گردانہ حملوں کی تیاری کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس کی جانب سے گرفتار شدگان کی جانب سے پلان کیے جانے والے دہشت گردی کے مبینہ حملوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں ۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد نے ان حملوں کی منصوبہ بندی کا آغاز یکم اکتوبر کو کیا تھا ۔

تمام گرفتار شدگان کی عمریں 16 سے 28 سال کے درمیان ہیں جبکہ پانچ کا رہائشی تعلق بنگلہ دیش سے بتایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال برطانوی حکام کی جانب سے ملک میں دہشت گردانہ حملوں کے خطرے کا الرٹ بڑھا کر "شدید" کردیا گیا تھا جس کا مطلب ہے کہ ملک میں دہشت گردی کا امکان شدید ہے۔

XS
SM
MD
LG