رسائی کے لنکس

مودی کا دورہٴ برطانیہ، 13 ارب ڈالر کے تجارتی سمجھوتوں پر دستخط


برطانیہ آمد پر مودی کا وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ تاہم، اس موقعے پر، سینکڑوں افراد نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، جنھوں نے الزام لگایا کہ وہ بھارت میں مذہبی اور اقلیتی برادری کے خلاف تشدد کو روکنے میں ناکام رہے ہیں

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اِن دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں، جہاں بھارت و برطانیہ نے 13 ارب ڈالر مالیت کے تجارتی سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں۔ 10 برس سے زائد مدت کے دوران، یہ کسی بھارتی سربراہ کا برطانیہ کا پہلا دورہ ہے۔

جمعرات کے روز برطانیہ آمد پر مودی کا وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ تاہم، اس موقعے پر، سینکڑوں افراد نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، جنھوں نے الزام لگایا کہ وہ بھارت میں مذہبی اور اقلیتی برادری کے خلاف تشدد کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

ایک مشترکہ اخباری کانفرنس کے دوران، مودی نے کہا کہ بھارت میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے، جہاں آئین میں ذاتی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔
کیمرون کے ساتھ بات چیت کے بعد، مودی نے برطانوی پارلیمان سے خطاب کیا، جہاں آمد پر ’ریڈ ایروز‘ کے دستے نے اُنھیں سلامتی پیش کی اور کرتب کا مظاہرہ کیا، جس نے لندن شہر پر رنگ بکھیر کر بھارت کا پرچم ترتیب دیا۔

کیمرون نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ’ماضی میں بند تھے‘، جنھیں ’جدید، متحرک ساجھے داری‘ میں بدل دیا گیا ہے۔

کیمرون نے کہا کہ برطانیہ اور بھارتی ادارے نئے اقدامات کے ایک سلسلے کا اعلان کرنے والے ہیں جن کی مالیت 13 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جس میں برطانیہ بیرون ملک تجارتی بانڈس کو بھارتی روپے کےتبادلے کے نرخ سے منسلک کرے گا۔

جمعرات کی شام گئے، برطانوی حکومت نے کہا کہ چھ تجارتی سمجھوتے طے ہوئے ہیں، جن میں مواصلات کے شعبے میں بڑے برطانوی ادارے، ’وڈافون‘ کی 1.98 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔

جمعے کے روز مودی ملکہ الزبیتھ کے ساتھ ایک ظہرانے میں شرکت کریں گے، جس کے بعد وہ لندن کے ’ومبلے اسٹیڈیم‘ میں ہزاروں کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔

اُن کی آمد سے قبل، 200 سے زائد مصنفین، جن میں سلمان رشدی اور ائان مکاون ایک کھلے خط پر دستخط کریں گے، جس میں، بقول اُن کے، بھارت میں ’خوف کی بڑھتی ہوئی فضا‘ پر اپنی تشویش کا اظہار کریں گے۔
سنہ 2002میں ریاست گجرات میں مسلمانوں کے خلاف پُرتشدد کارروائیوں میں 1000 افراد کی ہلاکت کے بعد، تین سالوں تک مودی کی برطانیہ آمد پر مؤثر طور پر پابندی عائد رہی، جب وہ اعلیٰ اہل کار کے عہدے پر فائز تھے۔

XS
SM
MD
LG