رسائی کے لنکس

برطانوی حکومت کی جانب سےچارسدہ حملوں کی شدید مذمت


برطانوی حکومت کی جانب سےچارسدہ حملوں کی شدید مذمت
برطانوی حکومت کی جانب سےچارسدہ حملوں کی شدید مذمت

برطانیہ نے پاکستان کے ضلع چارسدہ میں فرنٹیئر کور کے تربیتی مرکز پر ہونے والے خودکش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے جمعے کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں خودکش حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی کے تربیتی مرکز پر ہونے والےحملے کو’ بزدلانہ اور غیرمنصفانہ‘ قرار دیا۔

برطانوی پارلیمان کے مسلمان اراکین نے بھی خودکش حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو تنہا کرنے کی بجائے اِسے مضبوط کیا جائے۔

ہاؤس آف لارڈز کے رکن اور اپوزیشن لیبر پارٹی کے راہنما لارڈ نذیر نے وائس آف امریکہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ، ’پاکستان کا جانی نقصان ہوا ہے۔ پاکستان فوج کا نقصان ہوا ہے۔ افغانستان میں بین الاقوامی افواج، نیٹو اور امریکی فوجوں کا اتنا نقصان نہیں ہوا (جتنا پاکستان کا نقصان ہوا ہے)۔ اِس لیے،پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کی بجائے پاکستان کی مدد کی جانی چاہیئے۔‘

برمنگھم سے برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد رکن خالد محمود نے کہا کہ بڑا افسوس ہوا کہ اِس واقعے میں اتنے لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ اِس دہشت گردی کا پاکستان کو خود خاتمہ کرنا پڑے گا۔ پاکستان کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔ پاکستان کے راہنماؤں کو دیکھنا چاہیئے کہ ایسا کیوں ہورہا ہے۔ آئی ایس آئی کو کچھ چیزوں پر ٹھیک سے جواب دینا چاہیئے۔

حزبِ اقتدار کنزرویٹو پارٹی کے پاکستانی نژاد راہنما اور ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ طارق احمد نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں برطانوی حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

XS
SM
MD
LG