رسائی کے لنکس

برطانیہ: لندن کی مساجد میں بڑے افطار کے اجتماعات


ماہ صیام میں برطانیہ بھر کی مساجد کے دروازے بلا امتیاز تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے لیے کھول دیئے جاتے ہیں جس کا مقصد تمام عقائد اور فرقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک دوسرے سے قریب لانا ہے۔

ماہ صیام کی آخری ساعتیں بھی اب تمام ہونے کو ہیں۔ برطانیہ بھر کی مساجد میں اس ماہ صیام کے دوران بڑے افطار کے نام سے بڑے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا جہاں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب، رنگ ونسل اور مختلف زبانیں بولنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ماہ صیام میں برطانیہ بھر کی مساجد کے دروازے بلا امتیاز تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے لیے کھول دیئے جاتے ہیں جس کا مقصد تمام عقائد اور فرقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک دوسرے سے قریب لانا ، اسلام کے بارے میں منفی تاثرات کا خاتمہ کرنا بھی ہے۔

برطانیہ کی مساجد میں ' بگ افطار' یا بڑے افطار کے نام سے منعقد کیے جانے والے اجتماعات کا آغاز گذشتہ برس کیا گیا تھا لیکن رواں برس بڑے افطار کی مقبولیت کے باعث 100 سے زائد افطاری کے دسترخوان مساجد، عوامی مقامات اور پارکوں میں لگائے گئے اس سلسلے میں دریائے ٹیمز کے کنارے پارک اور کئی شاہراہوں پر بھی روزہ داروں کےلیے بڑے افطار کا اہتمام کیا گیا۔

لندن کی مشہور 'ایسٹ لندن جامع مسجد' میں جولائی کے آخری ہفتے میں بڑے افطار کے نام سے ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا اس بڑے افطار کا اہتمام' لیوشیم سینٹر' کے ٹرسٹی ایم ایف زمان کی جانب سے کیا گیا تھا جنھیں کمیونٹی میں مشہور سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی جانا جاتا ہے۔

بگ افطار یا بڑے افطار کی اس پروقار تقریب میں مسلم کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

ایم ایف زمان نے وی او اے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماہ رمضان کی روزہ افطار پارٹی خاص طور پر مسلمانوں اور غیر مسلم افراد کے درمیان خلوص اور دوستی کے جذبے کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے اس دستر خوان کے ذریعہ مسلمانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنے غیر مسلم دوستوں اور ساتھیوں کو مسجد میں آنے کی دعوت دی جائے اور انھیں بھی اپنے ساتھ رمضان کی افطاری کے دستر خوان پر شریک کیا جائے۔

زمان کا کہنا تھا کہ ہمارے دین میں پڑوسیوں کے حقوق کے حوالےسے واضح ہدایات موجود ہیں اور یہاں پڑوسی سے مراد صرف مسلم بھائی نہیں ہے بلکہ پڑوسی کسی بھی عقیدے سے تعلق رکھنے والا شخص ہو سکتا ہے۔

زمان کا کہنا تھا کہ وہ مسجد انتظامیہ کے شکر گزار ہیں جنھوں نے بگ افطار منعقد کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کے دوران مسجد میں ہر روز لگ بھگ 500 افراد کے لیے افطار کا دستر خوان سجایا جاتا ہے بلکہ مسجد کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ماہ رمضان کے دوران ایسٹ لندن کی جامع مسجد میں تراویح کی نماز پڑھنے والوں کی تعداد تقریبا 5000 نمازیوں سے بھی زیادہ رہتی ہے۔

ایم ایف زمان لندن اولمپک کے لیے لندن ایمبیسیڈر کی حیثیت سے بھی کام کر چکے ہیں اور ان دنوں لندن میراتھن 2015ء کے لیے جسٹ گونگ ایم ایف زمان ویب سائٹ کے ذریعے معذور بچوں کے لیے چندہ جمع کر رہے ہیں جسے معذور بچوں کی بہبود کے اداروں کے سپرد کیا جائے گا۔

بڑے افطار کے مہمانان گرامی میں شامل بے گھر افراد کے خیراتی ادارے' اسٹریٹ لائٹس' کے بانی راڈ رچرڈسن نے افطار پارٹی میں شرکت کے بعد بات چیت میں کہا کہ انھیں اسلامی مرکز کے اس بڑے دستر خوان مین شرکت کرنا اور مہمان نوازی کا یہ ایک بہترین تجربہ ہے۔

ایک سے زیادہ عقائد سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ایک جگہ جمع ہونا اور ایک دستر خوان پر موجود انواع واقسام کی نعمتوں سے لطف اٹھاتا دیکھنا میری زندگی کا ایک یادگار موقع ہے جسے دیکھ کر مجھے اپنے ادارے کے بے گھر افراد کی یاد آرہی ہے اس موقع پر راڈ نے مسجد اور اسلامی مرکز میں نماز کی ادائیگی اور سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے ہونے والی خصوصی تقریبات کا بھی جائزہ لیا۔

افطار پارٹی کے ایک اور مہمان جناب ذاکر نے کہا کہ اس طرح کے روح پرور اجتماعات میں شرکت کرنے سے ہمارا ایمان تازہ ہوتا ہے جو ہمیں مخلوق کی خدمت کرنے کا درس دیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG