رسائی کے لنکس

ساجد جاوید برطانیہ کی مقامی حکومت اور کمیونٹیز کے وزیر مقرر


برطانیہ کی نئی کابینہ میں ساجد جاوید کو کمیوٹیز اور مقامی حکومت کے لیے وزیر مملکت مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم تھریسا مے نے اپنی کابینہ کی اہم وزارتوں میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے پاکستانی نژاد رکن پارلیمان اور وزیر برائے کاروباری امور ساجد جاوید کو کابینہ میں نیا کردار دیا ہے۔

برطانیہ کی نئی کابینہ میں ساجد جاوید کو کمیوٹیز اور مقامی حکومت کے لیے ریاست کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔

سابق وزیر برائے کاروباری امور ساجد جاوید کو تھریسا مے کابینہ میں کم ہائی پروفائل کردار دیا گیا ہے۔ ان کی تقرری برطانیہ کی کمیونٹیز اور مقامی حکومت کے محکمہ کے لیے سربراہ کے طور پر کی گئی ہے۔

نئی کابینہ میں ٹوری کے دو وزرا ساجد جاوید اور گریگ کلارک کے درمیان وزارتوں کی ادلا بدلی ظاہر ہوئی ہے۔ ساجد جاوید کو کریگ کلارک کی جگہ نیا وزیر برائے مقامی حکومت اور کمیونٹیز بنایا گیا ہے؛ جبکہ گریگ کلارک کو وزیر برائے کاروبار، توانائی اور صنعتی حکمت عملی مقرر کیا گیا ہے جو ساجد جاوید کی وزارت تھی۔

بطور وزیر ساجد جاوید برطانیہ کی مقامی حکومت کے لیے محکمہ کی مجموعی اسٹریٹجک سمت کےذمہ دار ہوں گے اس کے علاوہ وہ کمیونٹیز کے وزیر کی حیثیت سے کونسل کے اخراجات سے لے کر ہر چیز کے لیے منصوبہ بندی اور قوانین بنانے کے بھی ذمہ دار ہوں گے۔

ساجد جاوید کو ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ میں کنزرویٹیو کے پہلے مسلمان وزیر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ میں انھیں وزیر ثقافت کا قلمدان دیا گیا تھا، جبکہ پچھلے سال مئی میں انھیں ترقی دے کر وزیر برائے کاروباری امور بنا دیا گیا تھا۔

ساجد جاوید یورپی یونین کے مخالف رہےہیں۔ لیکن حالیہ یورپی ریفرینڈم میں انھوں نے ڈیوڈ کیمرون کی حمایت کرتے ہوئے ریمین مہم کا ساتھ دیا تھا۔

ورک اینڈ پینشن کے سیکریٹری اسٹیفن کریب جو ٹوری قیادت کے لیے امیدواروں میں سے تھے انھوں نے ساجد جاوید کو مستقبل کے چانسلر کا نام دیا تھا۔ تاہم، اسٹیفن کریب نے آج تھریسا مے کی کابینہ میں اپنا استعفی پیش کردیا ہے۔

پاکستانی نژاد یاست دان ساجد جاوید بس ڈرائیور کے بیٹے ہیں وہ سیاست میں آنے سے قبل انوسٹر بینکر تھے۔

ساجد جاوید 2010 میں کنزرویٹیو کے ٹکٹ پر رکن پارلیمان منتخب ہوئے، انھیں دو سال بعد وزارت خزانہ کا سیکریٹری بنا دیا گیا جبکہ سیاسی حلقوں میں انھیں کنزرویٹیو پارٹی کے مستقبل کے رہنما کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

ساجد جاوید کو 2014میں ایشیا سے تعلق رکھنے والا برطانیہ کا سب سے بااثر شہری قرار دیا گیا۔

۔

XS
SM
MD
LG