رسائی کے لنکس

سات فروری کو برطانوی مساجد عوام کے لیے کھلی رہیں گی


لندن کی ایک مسجد میں لوگ عبادت کر رہے ہیں۔
لندن کی ایک مسجد میں لوگ عبادت کر رہے ہیں۔

برطانیہ میں مسلمانوں کی تنظیم مسلم کونسل کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق سات فروری کو برطانیہ کی مساجد میں 'وزٹ مائی ماسک' کے نام سے ایک دن منعقد کیا جا رہا ہے۔

برطانیہ کی مسلم کونسل کی طرف سے سات فروری کو مساجد میں اسلام سے متعلق بیداری اجاگر کرنے کے لیے مقامی آبادی کو مسجد میں آنے کی دعوت دی گئی ہے۔

برطانیہ میں مسلمانوں کی تنظیم مسلم کونسل کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق سات فروری کو برطانیہ کی مساجد میں 'وزٹ مائی ماسک' کے نام سے ایک دن منعقد کیا جارہا ہے ۔

رواں برس اس مہم میں ملک بھر کی 80 سے زائد مساجد شامل ہو رہی ہیں جو اتوار کی سہ پہر سے شام دیر تک مقامی لوگوں اور خاص طور پر غیر مسلم ہمسایوں کا استقبال کریں گی۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ 'وزٹ مائی ماسک' حالیہ دہشت گردانہ واقعات کے تناظر میں مسلمانوں کی طرف سے ایک قومی اقدام کا حصہ ہے، جو ملک بھر میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کو کم کرنے کے لیے کیا جارہا ہے ۔

اس روز مساجد میں علماء اور مفکرین اسلام کے بارے میں لوگوں کے سوالات کا جواب دیں گے جبکہ بعض لوگوں کی اسلام سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ اس روز انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ ویلز اور شمالی آئر لینڈ کی مساجد میں آنے والے مہمانوں کی تواضع چائے اور کیک کے ساتھ کی جائے گی اور ایک ایسا ماحول تشکیل دیا جائے گا جس میں لوگ عام مسلمان عبادت گزاروں کے ساتھ مل کر تبادلہ خیال کریں گے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ مسجد میں آنے والے لوگوں کو مسجد کا دورہ کروایا جائے گا اور اس طرح انھیں مسلمانوں کی عبادات اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔

میٹرو پولیٹن کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ دنوں میں لندن میں اسلام فوبیا کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ دسمبر 2015 میں کل 155 جرائم ریکارڈ کیے گئے جن میں متاثرہ شخص مسلمان تھا۔

یہ تعداد 2014ء کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے جب اسی طرح کے 50 واقعات رپورٹ ہوئے تھے ۔

برطانیہ میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 27 لاکھ ہے جو ملک کی مجموعی آبادی کا تقریباً دو فیصد ہیں۔

XS
SM
MD
LG