رسائی کے لنکس

لندن میں سانحہ پشاور کی یاد میں مظاہرہ


مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت جلد از جلد دہشت گردوں اور ان کی معاونت کرنے والے ساتھیوں کےخلاف کاروائی کرے۔

پاکستان سمیت دنیا کےکئی ملکوں کی طرح جمعے کو برطانیہ میں بھی پشاور اسکول پر ظالمانہ حملے کے ایک ماہ بیت جانے کی یاد میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے دہشت گردی کےخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین کی جانب سے اس موقع پر ہر قسم کےدہشت گردی کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔

پاکستان میں16 دسمبر کو پشاورسانحہ میں ہلاک ہونے والے 100 سے زائد طلبہ اور اساتذہ کی یاد میں جمعہ کی شام لندن میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر سینکڑوں پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں نے ایک احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ اس موقع پر سانحہ پشاور میں مرنے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

مظاہرین سانحہ پشاور کے ایک ماہ بیت جانے کی یاد میں حکومت پاکستان اور دنیا کےسامنے دہشت گردی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے جمع ہوئے تھے ۔

اس احتجاجی مظاہرے میں طلبہ تنظیموں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نےاس موقع پر پشاور سانحہ کے متاثرین کے لواحقین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف فوری کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں سانحہ پشاور کے متاثرین کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جبکہ بچے، خواتین اور نوجوان دہشت گردی کے خلاف 'ہیش ٹیگ نیور فارگیٹ' اور 'ہیش ٹیگ پشاور اٹیک' کی عبارتوں والے احتجاجی پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے اور پرجوش انداز میں مذمتی نعرے لگارہے تھے۔

​​اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستانی اپنے حصے کی بہت تکلیفیں جھیل چکے ہیں اور اب دہشت گردی، شدت پسندی اور نا انصافی کی سیاہ رات کا خاتمہ ہو جانا چاہیے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت جلد از جلد دہشت گردوں اور ان کی معاونت کرنے والے ساتھیوں کےخلاف کاروائی کرے اور پاکستان کے مستقبل کے معماروں کا خون بہانے والوں کو کیفر کرادار تک پہنچائے۔

XS
SM
MD
LG