رسائی کے لنکس

اگرچہ ملکہ الزیبیتھ الگزینڈر مریم کی سالگرہ کی تاریخ 21 اپریل ہے لیکن سرکاری سطح پر ان کی سالگرہ ہر سال 14 جون کو منائی جاتی ہے۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی 88 ویں سالگرہ کے جشن کے موقع پر لندن میں حسب روایت 'ٹروپنگ دا کلر' تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر ملکہ برطانیہ نے حسب روایت ہارس گارڈ پریڈ کے 'ہاوس ہولڈ ڈویژن ' سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار فوجیوں پر مشتمل دستوں کا معائنہ کیا۔ تقریب کے دوران رائل ائیر فورس کے ہوابازوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس یادگار تقریب میں ملکہ کے ہمراہ پورا شاہی خاندان بھی شریک ہوا۔

اگرچہ ملکہ الزبتھ الگزینڈر مریم کی سالگرہ کی تاریخ 21 اپریل ہے لیکن سرکاری سطح پر ان کی سالگرہ ہر سال 14 جون کو منائی جاتی ہے اور اس موقع پر پیش کی جانے والی روایتی آرمی پریڈ 'ٹروپنگ دا کلر' کو خاص طور پر برطانیہ کے فرماں رواں کی سالگرہ کے ساتھ منسوب کیا گیا ہے جس کی ابتداء1748 میں ہوئی۔

ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کے جشن میں شریک ہونے والوں کا ہفتے کی صبح سے بکنگھم پیلس کے اطراف میں تانتا بندھا رہا جن میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی جو یہاں موسم گرما کی تعطیلات گزارنے آئے ہوئے ہیں۔

ملکہ برطانیہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے قرار افراد کی بہت بڑی تعداد سڑکوں کے کنارے موجود تھی جبکہ لندن میں آج سارا دن موسم بھی خوشگوار رہا۔

حسب روایت ملکہ برطانیہ ایک بگھی میں سوار ہوکر شہزادہ فلپ کے ہمراہ بلکنگھم پیلس سے وہائٹ ہال پہنچیں جہاں یہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس قافلے میں ان کے ساتھ شہزادی کیتھرین، شہزادہ ہیری اور شہزادی کمیلا کی بگھی شامل تھی۔

اس پریڈ میں شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم، شہزادہ اینڈریو اور شہزادی این نے گھڑ سوار جوانوں کے دستوں کی قیادت کی۔ شہزادہ ولیم آئرش گارڈز کے سربراہ کے طور پر جبکہ ان کے والد شہزادہ چارلس ویلش گارڈزکے کرنل کی حیثیت سے موجود تھے۔
اس موقع پر فوجی میوزک بینڈ کے جوانوں اور فوجی ڈرمرزکے ساتھ پیدل اور گھڑ سوار فوجی دستوں نے مارچ پاسٹ کیا ملکہ برطانیہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

پریڈ کے اختتام پر کنگ ٹروپس کے رائل ہارس آرٹلری کے جوانوں نے گرین پارک میں ملکہ برطانیہ کے اعزاز میں41 توپوں کی سلامی پیش کی۔

تقریب کے آخرمیں شاہی خاندان بکنگھم پیلس کی بالکونی میں جمع ہوا۔ اس سال رائل ائیر فورس کے 28 جنگی جہازوں نے فضا میں شاندار کرتب کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے افراد مجمع کی جانب سے والہانہ محبت کے جواب میں ہاتھ ہلا ہلا کر جواب دیتے رہے۔
XS
SM
MD
LG