رسائی کے لنکس

برطانیہ: شاہی خاندان کی کرسمس کی دعائیہ سروس میں شرکت


ملکہء برطانیہ شاہی خاندان کی روایت کے مطابق کرسمس کا تہوار اپنے اہل خانہ کے ساتھ سینڈرنگھم میں منا رہی ہیں۔

کرسمس کی سالانہ تقریب کے موقع پر شاہی خاندان ملکہ برطانیہ کی قیادت میں جمعرات کو چرچ کی خصوصی دعائیہ سروس میں شریک ہوا۔

شاہی خاندان ہر سال کی طرح اس برس بھی سینڈرنگھم کے اسٹیٹ ہاوس میں کرسمس منانے کے لیے اکھٹا ہوا ہے جہاں جمعرات کی صبح کرسمس کی خصوصی سروس میں شرکت کرنے کے لیے کوئین الزیبتھ اپنے شوہر شہزادہ فلپ، شہزادہ چارلس، شہزادی این، شہزادہ ایڈورڈ اور ان کی صاحبزادیوں سمیت شہزادہ ہیری، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین مڈلٹن کے ہمراہ نارفوک کے قدیم چرچ میگڈالین پہنچیں۔

پینتالیس منٹ کی دعائیہ تقریب میں شرکت کرنے کے بعد رائلز نے چیپل کے باہر کھڑے ہزاروں خیرخواہوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔

اس برس شہزادی کمیلا پارکر کرسمس کی سروس میں شرکت نہیں کر سکیں۔ شاہی محل کی جانب سے ان کی غیر حاضری کی وجہ طبیعت کی ناسازی بتائی گئی ہے۔ ان کے علاوہ شاہی خاندان سے شہزادی کیٹ اور ولیم کے 17 ماہ کے صاحبزادے شہزادہ جارج کی کمی کو بھی محسوس کیا گیا۔

ملکہ برطانیہ کے ہمراہ سینڈرنگھم کی روایتی چرچ سروس میں شرکت کرنے والوں میں شاہی خاندان کے علاوہ شہزادی کیٹ کی والدہ کارل مڈلٹن، والد مائیکل فرانسس مڈلٹن اور بہن پیپا مڈلٹن کے علاوہ کیٹ مڈلٹن کے چھوٹے بھائی جیمس مڈلٹن بھی شامل تھے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق قیاس کیا جارہا ہے کہ شہزادی کیٹ، جو امید سے ہیں، اس سال سینڈرنگھم محل کے نزدیک ہی واقع اپنے نئے اسٹیٹ ہاؤس میں اہل خانہ کے ہمراہ کرسمس کی تعطیلات گزاریں گی۔

نارفوک کاونٹی کے گاؤں سینڈرنگھم میں واقع میگڈالین چرچ گزشتہ ایک صدی سے کرسمس کی خصوصی دعائیہ سروس کے لیے شاہی خاندان کی میزبانی کا فرض ادا کر رہا ہے۔

سینڈرنگھم اسٹیٹ ہاؤس میں پہلی بار ملکہ وکٹوریہ نے کرسمس کی تعطیلات گزاریں تھیں جبکہ رواں برس شاہی خاندان کی چار نسلیں ایک ساتھ کرسمس کا تہوار منانے کے لیے یہاں جمع ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG