رسائی کے لنکس

امتحان کی پریشانی بھگانے کا نسخہ: پالتو کتے اور ببل ریپ


'لیسٹر یونی ورسٹی' کی طلبہ یونین کی جانب سے امتحانات کے دوران طالب علموں کی فکر اور پریشانی کم کرنے کے لیے کیمپس میں 'ببل ریپ' اسٹیشن اور 'پیٹنگ سیشن' کی پشکش کی جارہی ہے۔

امتحانات کے دنوں میں طلباء میں گھبراہٹ، فکرمندی اور عدم اعتماد کا پایا جانا ایک عام بات ہے۔

سال بھر پڑھے جانے والے اسباق دہرانے اور ہر مضمون کی تیاری کے حوالے سے خود کا محاسبہ کرنا طالب علموں کی ایسی پریشانیاں ہیں جو کمرہ امتحان میں پرچہ حل کرنے کے ساتھ ہی ختم ہوتی ہیں۔

لیکن لیسٹر یونیورسٹی کی طلباء یونین نے امتحانات کے دوران طلباء کو پرسکون رکھنے کے لیے ایک انوکھا طریقہ متعارف کرایا ہے۔

ببل ریپ کا چیزوں کی پیکنگ میں استعمال کوئی نئی بات نہیں ہے۔ لیکن ببل ریپ کو ٹینشن بھگانے کے لیے پھاڑنا کا طریقہ یقیناً نیا ہے جسے یونیورسٹی کی طلباء یونین نے طالب علموں کی امتحانی فکریں اور پریشانیاں کم کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔

یونین کی جانب سے امتحانات کے دوران کیمپس میں پیکنگ میٹریل ببل ریپ پوپنگ اسٹیشن بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فکرمند طالب علموں کے لیے کیمپس میں 'پیٹنگ سیشن' کی پشکش بھی کی جارہی ہے۔

یونیورسٹی کا دعویٰ ہے کہ پالتو کتے کے ساتھ کچھ وقت گزارانا اور ببل ریپ پوپ کرنے کے طریقے سے فکرمند اور پریشان طالب علموں کے ذہنی تناؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

یونین کے مطابق امتحانات کے دوران کیمپس کے پوپنگ اسٹیشنوں پر سینکڑوں میٹر لمبی ببل ریپ لگانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔

یونین کا کہنا ہے کہ امتحانات کے دوران پالتو پپیز بھی کیمپس میں لائے جائیں گے جن کے ساتھ وقت گذارنے کے لیے طالب علموں کو ایک پونڈ خرچ کرنا ہوگا۔ اس طرح طالب علموں کو پرچہ دینے سے قبل یا اگلے پرچے کی پریشانی کو کچھ وقت کے لیے دورکرنے کا موقع ملے گا۔

برطانوی روزنامے 'انڈیپینڈنٹ' کی خبر کے مطابق لیسٹر طلباء یونین کے صدر مائیکل روبن نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح یونیورسٹی اس سال بھی طلباء کے ساتھ روایتی تعاون کے طور پر مفت چائے کی پشکش کو جاری رکھے گی۔ جبکہ امتحانات سے وقفہ لینے والوں کے لیے بورڈ گیمز سے بھی مدد لی جاسکتی ہے۔

روبن نے کہا کہ امتحانات کےدنوں میں توانائی کی سطح برقرار رکھنے اور طلباء کے ذہنی تناؤ کو کم کرنے کی کوشش کے طور پر اس طرح کی مثبت سرگرمیاں کرنا بہت ضروری ہیں۔
XS
SM
MD
LG