رسائی کے لنکس

برما میں ضمنی انتخابات کا اعلان


برما میں ضمنی انتخابات کا اعلان
برما میں ضمنی انتخابات کا اعلان

برمی حکومت نے ملک میں ضمنی انتخابات کے لیے یکم اپریل کی تاریخ مقرر کردی ہے ۔ ان انتخابات کو جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سوچی کی جماعت کے لیے ایک امتحان قرار دیا جارہا ہے۔

برمی حکام نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جمعہ کو صحافیوں کو انتخابات کی تاریخ سے آگاہ کیا۔ ضمنی الیکشن میں پارلیمان کی 48 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔

حکام کے مطابق انتخابات میں شرکت کی خواہاں سیاسی جماعتوں کو اپنے امیدواران کی فہرست 31 جنوری تک الیکشن حکام کو جمع کرانی ہوگی۔

حزبِ اختلاف کی 'نوبیل' انعام یافتہ خاتون رہنما آنگ سان سوچی نے گزشتہ ہفتے ہی اپنی جماعت 'نیشنل لیگ فارڈیموکریسی' کا حکام کے پاس اندراج کرایا ہے جس کے بعد ان کے انتخابات میں حصہ لینے کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے۔

سوچی نے تاحال اپنے حلقہ انتخاب کا اعلان نہیں کیا ہے۔

یاد رہے کہ حکام نے گزشتہ سال ہونے والے قومی انتخابات میں آنگ سان سوچی کو حصہ لینے سے روک دیا تھا جس پر بطورِ احتجاج ان کی جماعت نے انتخابات کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پر حکام نے 'این ایل ڈی' کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کردی تھی۔

گزشتہ سال کے انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی حکومت میں اکثریت سابق اور حاضر سروس فوجی افسران کی ہے تاہم اس حکومت نے عشروں طویل آمرانہ فوجی اقتدار کا شکار اس ملک میں کئی اہم اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات میں صحافت پر عائد کڑی پابندیوں میں نرمی اور مخالفین کے ساتھ مذاکرات کا آغاز جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 1990ء میں ہونے والی عام انتخابات میں سوچی اور ان کی جماعت نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم فوجی جنتا نے انہیں اقتدار سونپنے سے انکار کردیا تھا۔

امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی سوچی نے 1990ء کے بعد سے بیشتر وقت اپنی رہائش گاہ پر نظربندی میں گزارا ہے۔

XS
SM
MD
LG