رسائی کے لنکس

برما: پوست کی پیداوار میں مسلسل اضافہ


پوست کی فصل (فائل فوٹو)
پوست کی فصل (فائل فوٹو)

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے، چین اور دیگر ایشیائی ممالک میں بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث برما میں غریب کسان پوست کے اس کاروبار کی طرف راغب ہوتے چلے جارہے ہیں۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ برما کی حکومت کی طرف سے ملک میں پوست کی کاشت میں کمی کرنے کی کوششوں کے باوجود یہاں مسلسل چھٹے برس بھی ہیرؤن کی تیاری میں استعمال ہونے والی اس فصل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔

عالمی ادارے کے دفتر برائے منشیات و جرائم کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برما کی حکومت نے گزشتہ سال کی نسبت 2012ء میں تین گنا زیادہ رقبے یعنی 24 ہزار ہیکٹرز پر کھڑی پوست کی فصل کو تلف کیا۔ تاہم اس فصل کے زیر کاشت رقبے میں 17 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 51 ہزار ہیکٹرز بنتا ہے۔

افغانستان کے بعد دنیا میں پوست کی کاشت کے دوسرے بڑے ملک برما نے 2014ء تک اپنے ہاں مکمل طور پر اس کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن اقوام متحدہ کے فراہم کردہ ان اعدادوشمار کہ 2006ء سے ہر سال یہاں پوست کی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے، برمی حکومت کے اس عزم پر سوالیہ نشان ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے، چین اور دیگر ایشیائی ممالک میں بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث برما میں غریب کسان پوست کے اس کاروبار کی طرف راغب ہوتے چلے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کسانوں کو اس فصل سے ملنے والا منافع چاولوں کی فصل کی نسبت 19 گنا تک زیادہ ہوسکتا ہے اور انھیں متبادل ذریعہ معاش فراہم کیے بغیر پوست کی کاشت سے باز نہیں رکھا جاسکتا۔

برما کی شمال مشرقی ریاستوں کاچن اور شان پوست کی غیر قانونی کاشت کے بڑے علاقے ہیں۔ اس خطے میں طویل عرصے سے عسکریت پسندوں اور فوج کے درمیان لڑائی ہوتی چلی آرہی ہے۔
XS
SM
MD
LG