رسائی کے لنکس

کاروباری تنظیم کاری کے موضوع پر سربراہ کانفرنس کا دوسرا روز


امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کاروباری مواقعوں میں اضافے کے لئے گلوبل آنٹر پرینیور پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت نئے کاروباری منصوبے شروع کرنے کے خواہش مندوں کو امریکی نجی اداروں اور اور کاروباری ماہرین کی تکنیکی مہارت سے مستفید ہونے کا موقعہ دیا جائے گا ۔ ابتدائی طور پر یہ پروگرام زیادہ مسلمان آبادی والے ملکوں سے شروع کیا جائے گا ۔ ہیلری کلنٹن واشنگٹن میں ہونے والی آنٹرپرینیور کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں

ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکہ حقیقی معنوں میں مسلم دنیا سے ایڈ کا نہیں ٹریڈ کا تعلق قائم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے سائنس اورٹکنالوجی کے میدان میں امریکہ اور مسلمان اکثریتی ملکوں کے نجی شعبے اور بزنس سیکٹر کے درمیان تربیت اور مہارت کے تبادلے کے امکانات کو ایسا زبردست موقعہ قرار دیا جو حکومتوں کی نسبت مختلف ملکوں کے عوام کو قریب لانے کا زیادہ عملی طریقہ ہو سکتا ہے ۔امریکی وزیر خارجہ نے گلوبل آنٹرپرینیورشپ پروگرام کے پہلے پائلٹ پروگرام کا آغازیو ایس اے آئی ڈی کے ماہرین کی مدد سے مصر میں شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ایسا دوسرا پروگرام انڈونیشیا میں بھی شروع کیا جائے گا ۔ جبکہ اگلے دو برسوں میں اسے ایک درجن کے قریب ملکوں تک بڑھانے کا منصوبہ ہے ۔

صدر اوباما کی جانب سے آنٹرپرینیور شپ سمٹ کے پہلے روز سائنس اور ایجادات کے لئے دو ارب ڈالر کے فنڈکےقیام کے اعلان کے بعد امریکہ کے (ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز ) کے محکمے کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ایکسچینج وزیٹرز پروگراموں کے تحت اگلے چار سال کے دوران مسلمان اکثریتی آبادی والے ملکوں سے25 آنٹرپرینیورزاور کاروباری افراد کو امریکہ میں امریکی کاروباری افراد کے ساتھ تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔اور ایسے ہی مواقع اگلے چار سال کے دوران ایک سو امریکی کاروباری افراد کو امریکہ سے باہر تربیت کے لئے فراہم کئے جائیں گے ۔

آرگنائزیشن آف اسلامک فولڈر او آئی سی کے لئے صدر اوباما کے خصوصی مندوب رشد حسین کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس صرف پاکستان کے لئے ہی نہیں ، تمام ملکوں کے آنٹرپرینیورز کے لئے نئی شراکت داریاں قائم کرنے کا ایک موقعہ ہے۔

بنگلہ دیش میں خواتین کے لئے چھوٹے قرضوں کے ذریعے ایک سماجی انقلاب لانے والے2006ءکے نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا تھا کہ آنٹرپرینیور شپ کا ایک اہم رخ سوشل آنٹرپرینیور شپ یا سماجی فلاح کے لئے شروع کیا گیا کاروبار ہے ۔ جسے فروغ دینے میں واشنگٹن کی یہ کانفرنس اہم ثابت ہوگی ۔کیونکہ جنوبی ایشیائی ملکوں میں غربت ، ماحولیات ، بےروزگاری جیسے کتنے ہی مسائل ہیں جن کے حل کے لئے ایسی کمپنیاں قائم کی جا سکتی ہیں جن کا مقصد منافع کمانا نہیں بلکہ سماجی بھلائی ہو ۔

پاکستان میں خواتین کے لئے مائیکرو کریڈٹ قرضوں کی فراہمی کا بینک قائم کرنے والی کشف فاونڈیشن کی روشانے ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کم آمدنی والے جس طبقے کی خواتین کے ساتھ وہ کام کر رہی ہیں انہیں معاشی خوشحالی میں حصہ لینے کے لئے مرد اراکین کی اجازت سے بھی زیادہ مواقعوں کی کمی کا سامنا ہے ۔

ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا تھا کہ بھارت یا بنگلہ دیش کے مقابلے میں پاکستان میں خواتین کی چھوٹے یا مائیکرو کریڈٹ قرضوں تک رسائی ابھی محدود ہے ۔ جس کے لئے مزید کام کرنا پڑے گا ۔

جیکولین نوووگریٹز پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش میں لوگوں کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے میں مدد کرنے والے ایک ادارے آکیو مین فنڈ سے منسلک ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ عموما منفی تصورات وابستہ کئے جاتے ہیں مگر میں لوگوں سے کہتی ہوں کہ پاکستان میں ہم نے جتنے بھی قرضے دیئے گئے وہ سب وقت پر ادا ہوئے ۔ہم نے پاکستان کےحالات میں سرد وگرم کے باوجود زبردست ترقی دیکھی ہے ۔ ان کے بقول پاکستانی دنیا کے سب سے بڑےآنٹرپرینوریل لوگ ہیں ۔

XS
SM
MD
LG