رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش، کیبل آپریٹرز کی پاکستانی چینلز پر پابندی کی دھمکی


ایک اخباری رپورٹ کے مطابق، اگر واقعی ایسا ہوا، تو یہ اقدام پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیزی سے بگڑتے ہوئے تعلقات کو مزید خراب کرنے کا باعث ہوگا

بنگلہ دیش کے کیبل آپریٹرز اندرونِ ملک پاکستانی ٹی وی چینلز کی نشریات پر پابندی لگائے جانے کے خواہشمند ہیں۔

جمعرات کو مقامی اخبار ’دی ڈیلی اسٹار‘ نے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف بنگلہ دیش کے حوالے سے خبر دی ہے کہ آپریٹرز نے دھمکی دی ہے کہ وہ تمام پاکستانی ٹی وی چینلز بند کردیں گے۔

اخبار کے مطابق، اگر واقعی ایسا ہوا تو یہ اقدام پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیزی سے بگڑتے ہوئے تعلقات کو مزید خراب کرنے کا باعث ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان جماعت اسلامی کے رہنما عبدالقادر ملا کی پھانسی کے بعد سے تعلقات کشیدہ ہیں۔

جن پاکستانی تاجروں نے بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری کی ہے وہ اس غیر یقینی صورتحال سے پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

ادھر بنگلہ دیش کے سیکریٹری تجارت کا کہنا ہے کہ وہ تجارتی میلے میں پاکستان کی شرکت سے متعلق فیصلہ دو ایک روز میں کریں گے۔ نوجوانوں کی جانب سے پاکستا ن سے تجارتی تعلقات معطل کئے جانے کے مطالبے پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ مطالبہ اعلیٰ حکام تک پہنچا دیا ہے۔

اس سے قبل، ڈھاکہ میں پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے درجنوں افراد کی جانب سے پاکستان کی قومی اسمبلی میں عبدالقادر ملا کی پھانسی پر مذمتی قرار دار کی منظوری کے خلاف مظاہرے بھی ہوچکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG