رسائی کے لنکس

غیر ملکی چینلز کی نشریات بند کرنے کا انتباہ


غیر ملکی چینلز کی نشریات بند کرنے کا انتباہ
غیر ملکی چینلز کی نشریات بند کرنے کا انتباہ

پاکستان میں کیبل ٹی وی آپریٹرز کی نمائندہ تنظیم نے متنبہ کیا ہے کہ اگر غیر ملکی ٹی وی چینلز نے پاکستانی افواج اور دیگر قومی اداروں کے خلاف ’’منفی پروپیگینڈہ‘‘ بند نا کیا تو وہ اُن کی نشریات کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔


منگل کو لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے عہدے داروں نے کہا کہ پاکستانی مفادات کے خلاف دستاویزی پروگرام نشر کرنے پر بدھ سے برطانوی نیوز چینل ’بی بی سی‘ کی نشریات بند کی جا رہی ہیں۔

اُنھوں نے ذرائع ابلاغ کے لیے ضابطہ کار سے متعلق سرکاری ادارے ’پیمرا‘ سے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام غیر ملکی چینلز کو پاکستان میں نشریات کے لیے دیے گئے اجازت نامے منسوخ کر دیے جائیں جو اُن کے بقول ملک کی ’’کردار کشی کی عالمی سازش‘‘ کا حصہ بن گئے ہیں۔

’’(یہ چینلز) بلواسطہ جنگ اور اپنے پروگراموں کے ذریعے پاکستان کے میڈیا ٹرائیل کا سلسلہ بند کر دیں ورنہ کیبل آپریٹرز ان چینلز کا بائیکاٹ کریں گے۔‘‘

عہدے داروں کا کہنا تھا کہ اُن کی تنظیم پاکستانی افواج اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف تبصروں کی تشہیر کے لیے تیار نہیں اور مہمند ایجنسی میں نیٹو حملے میں 24 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر عوامی احتجاج میں بھی شریک ہے۔

پاکستان نے ہفتہ کو علی الصباح کی گئی ’’بلا اشتعال‘‘ فضائی کارروائی کے جواب میں افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کو رسد کی ترسیل پر پابندی کے علاوہ بلوچستان میں شمسی ایئر بیس کو امریکہ سے دو ہفتوں میں خالی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG