رسائی کے لنکس

کیلی فورنیا، امریکہ کی آلودہ ترین ریاست


پھیپھڑوٕں کی صحت سے متعلق تنظیم کی رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ امریکیوں کی تقریباً نصف آبادی ایسی آلودہ فضاٴمیں سانس لینے پر مجبور ہے جو صحت کے لیے مضر ہے

’امریکن لنگ ایسو سی ایشن‘ کی جانب سے امریکی ادارہ ِماحولیات کے ڈیٹا پر مبنی ایک رپورٹ شائع کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ریاست کیلی فورنیا کے چھ شہروں کو امریکہ بھر میں آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

امریکن لنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ یہ فہرست سال 2014ء کے لیے ہے جو بدھ کے روز سامنے آئی۔ یہ فہرست سال 2010 – 2012 تک اوزون اور فضا میں پائی جانے والی آلودگی کو مد ِنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے۔

رپورٹ بتاتی ہے کہ امریکہ کا سب سے آلودہ شہر ریاست کیلی فورنیا میں واقع ہے جس کا نام ہے فریسنو۔ فریسنو شہر میں 11 لاکھ افراد بستے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، فریسنو کا محل و وقوع، وہاں پر زرعی آپریشنز اور نزدیکی شہروں جیسا کہ سان فرانسسکو اور سیکریمینٹو سے آنے والا دھواں بھی فریسنو شہر میں آلودگی بڑھانے کا بڑا سبب ہے۔

فریسنو کے شہریوں کو امریکہ میں بدترین آلودگی کا سامنا ہے۔

’لاس اینجلس ٹائمز‘ کے مطابق، فریسنو کے حالات فضائی آلودگی کے ضمن میں اتنے خراب ہیں کہ سکول اور شہر کی انتظامیہ اُس وقت فضاء میں لال جھنڈے لہراتی ہے جب شہر کی فضاء میں سانس لینا خطرناک ہو جاتا ہے۔

امریکہ بھر میں اوزون کے باعث سب سے زیادہ آلودگی بھی کیلی فورنیا کے بڑے اور مشہور شہر لاس اینجلس میں پائی جاتی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق آلودگی کا ایک بڑا سبب اوزون کے باعث بننے والا دھواں (smog) ہے۔ یہ دھواں نہ صرف آلودگی بڑھاتا ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے بہت خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ ایسے ماحول میں جس میں آلودگی زیادہ ہو یا اوزون کے باعث بننے والا دھواں زیادہ پایا جاتا ہو، سانس لینا انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اوزون ہمارے پھیپھڑوں کی بافتوں پر بہت تیزی سے حملہ آور ہوتی ہے اور ان کے ساتھ ملکر کیمیائی عمل شروع کرتی ہے جو انسانی صحت کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

امریکن لنگ ایسوسی ایشن کی رپورٹ متنبہ کرتی ہے کہ امریکیوں کی تقریباً نصف آبادی ایسی آلودہ فضاء میں سانس لینے پر مجبور ہے جو صحت کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں۔

اوزون کے باعث پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کے 22 شہروں کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔ اس فہرست میں ریاست کیلی فورنیا کے چھ، ریاست پینسلوینیا کا ایک، ریاست ٹیکساس کا ایک، ریاست ایریزونا کا ایک اور ریاست مِزوری کا بھی ایک شہر شامل ہے۔

دوسری طرف، اسی رپورٹ میں ان شہروں کا نام بھی درج کیا گیا ہے جو فضائی آلودگی سے پاک ہیں۔ ان چار شہروں میں ریاست مین کا شہر بینگور، ریاست شمالی ڈیکوٹا کا شہر بسمارک، ریاست فلوریڈا کا شہر کیپ کارل اور ریاست کیلی فورنیا کا شہر سیلیناس بھی شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG