رسائی کے لنکس

کیلی فورنیا: جنگل میں لگی آگ شدت اختیار کرگئی


حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں درجہ حرارت میں کمی کے باوجود امکان ہے کہ آگ پر قابو پانے کا عمل آئندہ ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنوبی جنگلات میں لگنے والی آگ مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس نے 30 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں درجہ حرارت میں کمی کے باوجود امکان ہے کہ آگ پر قابو پانے کا عمل آئندہ ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔

امریکی محکمہ جنگلات کے ایک عہدیدار کے مطابق آگ جنوبی کیلی فورنیا کے ساحلی جنگلات میں جمعرات کو لگی تھی جس نے اتوار کو رات گئے تک مزید 10 ہزار ایکڑرقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

عہدیدار کے مطابق پیر کی صبح تک صرف 40 فی صد آگ پر قابو پایا جاسکا تھا اور آگ کو مکمل طور پر بجھانے کا کام آئندہ ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق آگ نے اپنا رخ تبدیل کرلیا ہے جس کے باعث اب متوقع طور پر اس کی زد میں 400 گھر آسکتے ہیں۔ آگ کے رخ تبدیل کرنے سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ اس سے علاقے میں موجود 1000 گھروں کو خطرہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے اب تک صرف 15 گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور آگ بجھانے والے عملے کے چھ ارکان سمیت سات افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

حکام نے آگ کے پھیلنے کے خدشے کے باعث محفوظ مقامات پر منتقل کیے جانے والے علاقے کے دو ہزار سے زائد رہائشیوں کو واپس اپنے گھروں کا جانے کی تاحال اجازت نہیں دی ہے۔

کیلی فورنیا کی ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ مختلف اداروں کے دو ہزار سے زائد اہلکار آگ بجھانے کی سرگرمیوں میں شریک ہیں جب کہ علاقے میں کئی دہائیوں بعد پہلی بار رات کے اوقات میں بھی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG