رسائی کے لنکس

کمبوڈیا: مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں، ایک خاتون ہلاک


عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھر پھینکے اور ایک ان کی ایک گاڑی کو نذر آتش کردیا جس پر پولیس نے آنسو گیس اور پانی کی تیز دھار کے علاوہ گولیاں بھی چلائیں۔

کمبوڈیا کے دارالحکومت پنوم پن میں ملبوسات کی صنعت سے وابستہ مزدوروں کی ہڑتال کے دوران منگل کو مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔

انسانی حقوق کی ایک مقامی تنظیم نے ہڑتال میں شامل افراد کے خلاف پولیس کی کارروائی کو ’’ ظالمانہ کریک ڈاؤن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ سے پانچ افراد زخمی بھی ہوئے۔

سنگاپور سے تعلق رکھنے والی گارمنٹس فیکٹری ’ایس ایل گارمنٹس پراسیسنگ لمیٹڈ‘‘ کے سینکڑوں مزدور جائے کار پر بہتر ماحول اور تنخواہ فراہم کرنے کے مطالبے کے ساتھ وزیراعظم ہن سین کے دفتر کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھر پھینکے اور ایک ان کی ایک گاڑی کو نذر آتش کر دیا جس پر پولیس نے آنسو گیس اور پانی کی تیز دھار کے علاوہ گولیاں بھی چلائیں۔

کارکنوں کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون سڑک کنارے چاول فروخت کر رہی تھی۔

باور کیا جاتا ہے کہ پولیس نے کم ازکم ایک درجن افراد کو گرفتار کیا ہے لیکن خاتون کی ہلاکت پر تاحال کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

کمبوڈیا میں کم اجرت اور جائے کار کی خراب صورتحال کی وجہ سے مزدوروں کی طرف سے اکثر مظاہرے دیکھنے میں آتے ہیں۔

ایس ایل گارمنٹس پراسیسنگ کئی بین الاقوامی برانڈز بشمول گیپ، ایچ اینڈ ایم کے لیے ملبوسات تیار کرتی ہے۔
XS
SM
MD
LG