رسائی کے لنکس

کمبوڈیا: خاتون ٹی وی اسٹار پر مبینہ تشدد کرنے والا امیر ترین شخص گرفتار


ٹی وی اسٹار ساسا
ٹی وی اسٹار ساسا

ملزم نے ساسا کو ایک لاکھ ڈالر زر تلافی کی پیشکش بھی کی تھی جسے ٹی وی اسٹار نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوک کو عدالت میں دیکھنا چاہتی ہے۔

کمبوڈیا میں ایک خاتون ٹی وی اسٹار پر مبینہ تشدد کرنے والے متمول شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس زدو کوب کی وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ملک میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی جب کہ جائیدد کی خریدو فروخت سے وابستہ امیر ترین شخص سوک بن بیرون ملک چلا گیا تھا۔

اس معاملے پر جنوب مشرقی ایشیا کے اس ملک میں حصول انصاف کی بابت بحث چھڑ گئی تھی جہاں یہ تاثر عام پایا جاتا ہے کہ دولت مند اور بااثر لوگ قانون کی گرفت سے بچ نکلنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

یہ واقعہ دو جولائی کو دارالحکومت پنوم پن میں پیش آیا اور منظر عام پر آنے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوک بن ٹی وی اسٹار ساسا کے سر پر گھونسے اور لاتیں مار رہا ہے جب کہ اس کے مسلح محافظ نے ساسا پر پستول تانے کھڑا تھا۔

28 سالہ ساسا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ایک دوست کے ساتھ جاپانی ریسٹورنٹ میں تھی جہاں ان کا سامنا سوک بن سے ہوا۔ ٹی وی اسٹار کے بقول نشے میں دھت سوک سے وہ اپنی دوست کو بچا رہی تھی کہ اس نے تشدد شروع کر دیا۔

یہ سارا واقعہ ریسٹورنٹ کے سی سی ٹی وی کیمرے سے ریکارڈ ہو گیا تھا جسے بعد میں حاصل کر کے ساسا نے آن لائن پوسٹ کر دیا۔

کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن سن نے اس واقعے کو "ناقابل برداشت" قرار دیتے ہوئے سوک کو وطن واپس آنے کا حکم دیا تھا جس کے دو روز بعد ہفتہ کو وہ جیسے ہی پنوم پن کے ہوائی اڈے پر اترا تو پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق سوک بن پر تشدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے جیل منتقل کر دیا گیا۔

37 سالہ سوک نے اس واقعے کے ایک ہفتے بعد اپنے وکیل کے ذریعے ایک بیان میں کہا کہ " جو کچھ ہوا اس پر وہ بہت شرمندہ ہے۔"

اس نے ساسا کو ایک لاکھ ڈالر زر تلافی کی پیشکش بھی کی تھی جسے ٹی وی اسٹار نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوک کو عدالت میں دیکھنا چاہتی ہے۔

XS
SM
MD
LG