رسائی کے لنکس

کینیڈا: انتخابات میں وزیر اعظم ہارپر کی پارٹی کی فتح


کینیڈا: انتخابات میں وزیر اعظم ہارپر کی پارٹی کی فتح
کینیڈا: انتخابات میں وزیر اعظم ہارپر کی پارٹی کی فتح

کینیڈا میں پیر کے روز ہونے والے انتخابات میں وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر کی کنزرویٹو پارٹی فیصلہ کن اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی نے ایوان زیریں میں کم ازکم 167 نشستیں جیت لی ہیں جو کہ 308 رکنی ایوان میں قطعی اکثریت کے لیے درکار 155 سیٹوں سے زیادہ ہیں۔ان نتائج کے ذریعے مسٹر ہارپر 2006ء میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد پہلی بار پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور وہ 2015ء تک بلاروک ٹوک حکومت کرسکیں گے۔

وزیر اعظم اور ان کی کنزرویٹو پارٹی نے اس بنیاد پر الیکشن لڑا تھا کہ انہوں نے عالمی اقتصادی بحران کے دوران کاروباری اداروں اور نجی آمدنیوں پر ٹیکس کٹوتیوں اور حکومتی اخراجات میں کفایت کے ذریعے کینیڈا کی معیشت کو متزلزل نہیں ہونے دیا۔

انتخابات کی رات فتح کے امکانات نمایاں ہونے پر وزیر اعظم پارپر نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ سات برسوں کے غیر یقینی حالات کو تبدیل کرسکتے ہیں اور اب کینیڈا پر کینیڈا کے عوام کی حکومت ہوگی۔

کینیڈا کے انتخابات کا ایک اور نمایاں پہلو بائیں بازو کی جانب جھکاؤ رکھنے والی نیوڈیموکریٹک پارٹی کی 102 نشتیں ہیں جن کی بنا پر وہ ایک مضبوط حزب اختلاف کے طورپر سامنےآئی ہے۔ این ڈی پی کو یہ کامیابی لبرلز کی ناکامی کی بنا پر حاصل ہوئی ہے، جن کی نشتوں کی تعداد 77 سے کم ہوکر34 رہ گئی ہے۔

موجودہ انتخابات لبرلز کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوئے ہیں جو اس سے قبل یا تو اقتدار میں رہے ہیں یا پھر ایوان میں ان کی حیثیت ایک طاقت ور حزب اختلاف کی رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG