رسائی کے لنکس

کینیڈا میں سرمائی اولمپکس کا آغاز


کینیڈا کے شہر وینکوور میں 2010ء کے سرمائی اولمپک کھیلوں کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔

کینیڈا کے مشہور ہاکی کے کھلاڑی وین گریٹسکی نے تین ایتھلیٹوں کے ساتھ مل کر معمولی فنی خرابی کے باوجود اولمپک کی مشعل روشن کی۔

اس سے قبل کینیڈا کے آبائی باشندوں کے نمائندوں نے 80 سے زیادہ ملکوں سے آئے ہوئے پانچ ہزار کے قریب ایتھلیٹوں کا خیر مقدم کیا۔

جمعے کی شام منعقد کی جانے والی اس تقریب میں 60 ہزار سے زیادہ تماشائی موجود تھے۔ تقریب میں ہونے والی ثقافتی پروگراموں میں کینیڈا کے قدیم کلچر اور تاریخ کو اجاگر کیا گیا تھا۔

تاہم تقریب کی رونق جارجیا کے کھلاڑی نوڈور کماریتاشاولی کی موت کی خبر سے ماند پڑ گئی۔

ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جارجیا کے دستے سے سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور جارجیا کے جھنڈے پر بھی ایک کالی پٹی کا اضافہ کیا گیا تھا۔

ان اولمپک کھیلوں کے مقابلے کینیڈا کے مغربی ساحل کے کئی مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔

سلیڈنگ (sledding) کے 21 سالہ جارجین کھلاڑی اپنے سلیڈ میں مشق کر رہے تھے کہ سلیڈ پھسل کر بے قابو ہو گئی اور ان کا سر دھات کے کھمبے سے جا ٹکرایا۔ اس وقت ان کے سلیڈ کی رفتار 145 کلومیٹر فی گھنٹا تھی۔

اولمپک کمیٹی کے صدر ژاک روگے نے کہا کہ اس حادثے نے تمام اولمپک خاندان پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔ جارجین حکام نے کہا ہے کہ اس سانحے کے باوجود ان کے ایتھلیٹ مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

اولمپک کھیلوں کی اختتامی تقریبات 28 فروری کو ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG