رسائی کے لنکس

کانز کا فلمی میلہ سج گیا، ستارے جھلملا اٹھے


فیسٹول کو چار چاند لگانے والوں میں جارج کلونی، ان کی اہلیہ امل کلونی، جولیا رابرٹس اور ہالی وڈ کے دیگر میگا اسٹار کانز پہنچ کر ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیر چکے ہیں

آخر کار انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور فرانس کے خوبصورت ساحلی قصبے ’کانز‘ میں ’69 واں فلم فیسٹیول‘ پوری آب و تاب کے ساتھ سج گیا۔ اور کس کو کتنی شہرت ملتی ہے، کون کتنے جلوے بکھیرتا ہے اس پر سے بھی جلد پردہ اٹھنے والا ہے۔

یہ ایک ایسا فلمی میلہ ہے جس کا پوری دنیا کی فلم انڈسٹری کو بے چینی سے انتظار ہوتا ہے اور دنیا بھر کے چوٹی کے فلمی ستارے پوری رعنائیوں کے ساتھ فیسٹیول کا حصہ بن کر اس کی رونقیں بڑھاتے ہیں۔

اس میں بھی کوئی دو رائے نہیں کہ دنیا کا لگ بھگ تمام میڈیا اس ایونٹ کو خصوصی اہمیت دیتا اور اس کی کوریج کرتا ہے۔ فیسٹیول کے موقع پر اس مرتبہ سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔

برطانوی اخبار ’گارڈین‘ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ کانز فیسٹیول میں میڈیا، مشہور و معروف شخصیات اور فلمی نگر کے جانے مانے چہروں سمیت 20 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔

فیسٹول کو چار چاند لگانے والوں میں جارج کلونی، ان کی اہلیہ امل کلونی، جولیا رابرٹس اور ہالی وڈ کے دیگر میگا اسٹار کانز پہنچ کر ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیر چکے ہیں۔

بالی وڈ کی میگا اسٹار ایشوریہ رائے حسب معمول اس بار بھی فیسٹیول میں شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں۔ایشوریہ رائے نے مسلسل 15 سال کانز فلم فیسٹیول میں شریک ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

فیسٹول میں دکھائی جانے والی فلموں کی بات کی جائے تو جوڈی فوسٹر کی تھرلر ’منی مونسٹر‘ ایسی فلم ہے جس کا سب انتظار کر رہے ہیں۔

’منی مونسٹر‘ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو لائیو ٹی وی شو میں اینکر کو یرغمال بنا لیتا ہے۔’منی مونسٹر‘ کے مرکزی کردار جارج کلونی اور جولیا رابرٹس نے نبھائے ہیں۔

فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز جیسی آئزنبرگ اور کرسٹن اسٹیورٹ کی فلم ’کیفے سوسائٹی‘ سے ہو رہا ہے جس میں 1930ء کے عشرے کے ہالی وڈ کے ’کیفے کلچر‘ کی عکاسی کی گئی ہے۔

میلے کے سب سے بڑے ایوارڈ ’پام ڈی‘ کے لئے جن فلموں میں مقابلہ ہے ان میں ’دی ان نون چائلڈ‘، ’دی ہینڈ میڈن‘ اور اصغر فرہادی کی ’دی سیلز مین‘ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG