رسائی کے لنکس

صومالیہ: سابق وزیرِ دفاع بم دھماکے میں ہلاک


پولیس افسر کے مطابق بم سابق وزیر محی الدین محمد حاجی ابراہیم کی گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا جو اس وقت پھٹا جب وہ گاڑی میں موجود تھے۔

صومالیہ کے سابق وزیرِ دفاع دارالحکومت موغادیشو میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

موغادیشو پولیس کے ایک افسر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بم دھماکہ پیر کو موغادیشو کے علاقے 'کے ایم 4' میں ہوا۔

پولیس افسر کے مطابق بم سابق وزیر محی الدین محمد حاجی ابراہیم کی گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا جو اس وقت پھٹا جب وہ گاڑی میں موجود تھے۔

پولیس کے مطابق گاڑی میں سابق وزیر کے ہمراہ موجود ایک اور شخص زخمی ہوا ہے لیکن اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

محی الدین صومالیہ کی کولن پارٹی سے منسلک تھے اور اس وقت صومالی پارلیمان کے اسپیکر کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

وہ 2008ء میں صومالیہ میں اقوامِ متحدہ کی کوششوں سے تشکیل پانے والی عبوری حکومت کے دوران کچھ عرصے کے لیے وزیرِ دفاع رہے تھے۔

کولن جماعت کے سربراہ عبدالقادر برنامیج نے 'وائس آف امریکہ' کی صومالی سروس کو بتایا ہے کہ حملے سے قبل ابراہیم دارالحکومت میں ہونے والے ایک اہم پارٹی اجلاس میں شریک تھے۔

صومالیہ میں سرگرم شدت پسند تنظیم 'الشباب' کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے رابطہ کرکے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

القاعدہ سے منسلک 'الشباب' کے جنگجو ماضی میں بھی صومالی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران اور تنصیبات کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG