رسائی کے لنکس

امریکی وزیر دفاع غیر اعلانیہ دورے پر عراق پہنچ گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمعہ کو کارٹر نے انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی تھی جس میں داعش کے خلاف عراق اور شام میں ترکی اور امریکہ کے درمیان عسکری تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکہ کے وزیر دفاع ایش کارٹر ہفتہ کو عراق پہنچے جہاں وہ اتحادی کمانڈروں سے ملاقات میں موصل سے داعش کا قبضہ چھڑوانے کے لیے شروع کیے گئے آپریشن کے جائزے اور تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔

رواں سال کارٹر کا یہ تیسرا دورہ عراق ہے۔ وہ داعش کے خلاف امریکی حمایت سے عراقی فورسز کی زیر قیادت لڑی جانے والی لڑائی کی نگرانی کرتے آرہے ہیں۔

ان کے اس غیر اعلانیہ دورہ بغداد سے چند روز قبل ہی عراق میں ایک بم دھماکے میں ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا تھا۔

امریکی وزیردفاع عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی سے بھی ملاقات کریں گے اور توقع ہے کہ اس دوران بغداد کی طرف سے موصل آپریشن میں ترکی کو شامل کرنے سے ہچکچاہٹ پر بھی بات چیت ہوگی۔

جمعہ کو کارٹر نے انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی تھی جس میں داعش کے خلاف عراق اور شام میں ترکی اور امریکہ کے درمیان عسکری تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وزیردفاع نے ترک کے اعلیٰ سیاسی و عسکری عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

ترکی موصل کے لڑائی میں ایک بڑا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے لیکن عراقی حکومت ترک فوجیوں کی اس آپریشن میں شمولیت کی مخالفت کر رہی ہے۔

امریکہ ان دونوں ملکوں کے درمیان پر تشویش کا اظہار کر چکا ہے۔ ترکی کے دورے پر آنے سے قبل کارٹر نے کہا تھا کہ وہ ترکی پر زور دیں گے کہ وہ عراق کی خودمختاری کا احترام کرے۔

XS
SM
MD
LG