رسائی کے لنکس

لاہور میں ہونے والے برائیڈل فیشن ویک میں ماڈلنگ کر کے جس شخس نے سب کو حیران کیا وہہ تھے سوشل میڈیا پر چائے والا کے طور پر شہرت پانے والے ارشدخان ۔

فیشن شوز میں روایتی شخصیات سے ہٹ کر دیگر مختلف حوالوں سے معاشرے میں شہرت پانے والے افراد کی شرکت اب ایک معمولی بنتا جارہا ہے۔

پچھلے دنوں ایسے ہی ایک فیشن شو میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی مختاراں مائی نے شرکت کی۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ انہوں نے ریمپ پر واک کی اور خواتین اور لڑکیوں میں تعلیم عام کرنے کے اپنے مقصد کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم کے ذریعے بھی اپنا پیغام دوسروں تک پہنچایا۔

اب ایک اور فرد نے لاہور میں ہونے والے برائیڈل فیشن ویک میں ماڈلنگ کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔یہ ہیں سبز آنکھوں والے ارشدخان ۔

ارشد خان پر قسمت کی دیوی اس وقت مہربان ہوئی تھی جب اسلام آباد کے ایک اتوار بازار میں چائے بیچتے ہوئے بنائی گئی ان کی تصویر سوشل میڈیا پروائرل ہوئی اور یوں ’چائے والا‘ کی شہرت ملک کی سرحدوں سے نکل کر پورے جہاں میں پھیل گئی اور چائے والا سوشل میڈیا ویب سائٹس کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

اب انہیں کوئی ’چائے والا‘ کہہ کر پکارے تو یہ فخر محسوس کرتے ہیں ۔ پاکستان کے میڈیا اور سوشل میڈیا نے انہیں بہت جلد وہ شہرت دلا دی ہے جس کی لوگ تمنا کرتے اور اسی حسرت میں زندگی گزار دیتے ہیں ۔

ارشد خان کو ان کی خوب صورتی کی بدولت ماڈلنگ کرنے کی کئی پیشکشیں موصول ہوئیں اور ان میں سے کچھ کو انہوں نے قبول بھی کرلیا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے لاہور میں ہونے والے برائیڈل شو میں بھی ریمپ پر واک کی اور دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔

انہوں نے فیشن ویک کے آخری روز واک کی، اس دن شو پر سنہری رنگ چھایا ہوا تھا۔ ساڑھی، گھاگھرا اور غرارہ پہن کر ماڈلز کے ساتھ ساتھ فلم نگری کی حسینائیں ریمپ پر آئیں تو شائقین داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

خوبصورت ملبوسات اور ان پر مغلیہ طرز کی جیولری ماڈلز کے حسن کو مزید نکھار رہی تھی جبکہ شو اس وقت بام عروج پہ پہنچا جب فلم اسٹارز اپنی بیگمات کیساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ریمپ پہ نمودار ہوئے اور محبت بھری ادائیں دکھائیں۔

تمام فنکاروں نے شرکا کی محبت کا جواب بھرپور محبت سے دیا اور اپنے پرستاروں کے ساتھ خوب سلیفیز بنوائیں۔

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG