رسائی کے لنکس

برطانوی ٹی وی پہلی بار رمضان میں اذان نشر کرے گا


برطانوی ٹی وی 'چینل 4' نے اعلان کیا ہے کہ چینل فور پر رمضان کے آغاز سے 30 روزوں تک ہر روز اذان فجر نشر کرے گا

برطانیہ میں پہلی بار ایک مین اسٹریم ٹی وی چینل کی جانب سے پورے رمضان کے مہینے میں براہِ راست اذانِ فجر نشر کی جائے گی۔
برطانوی ٹی وی 'چینل 4 'نے اعلان کیا ہے کہ چینل فور رمضان کے آغازسے 30 روز تک ہر اذان فجر نشر کرے گا، جبکہ چینل فور کی ویب سائٹ پر دوران رمضان پانچوں وقت کی اذان نشر کی جائے گی۔
چینل فور پر پہلی اذان مورخہ 9 جولائی صبح 3 بجے نشر کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ایک 3 منٹ دورانیہ کی ویڈیو بھی نشر کی جائے گی۔

ٹی وی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان کی مناسبت سے خاص پروگرام 4 رمضان کے عنوان سے تیار کیے گئے ہیں جو اذان کے اوقات میں نشر کیے جائیں گے۔
چینل فور بقیہ چار نمازوں کے اوقات میں بھی اپنی نشریات کو 20 سکنیڈ کے لیے منقطع کرے گا اور اس دوران ایک خصوصی ویڈیو دکھائی جائے گی جس کا مقصد روزہ داروں کو نماز کے وقت کی یاد دہانی کرانا ہو گا۔
اس کے علاوہ رمضان کے مہینے میں موسم کی خبروں کے دوران سورج طلوع و سورج غروب ہونے کے اوقات کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
چینل فور کے براڈکاسٹر کا کہنا ہے کہ،'چینل فور کا یہ عمل اپنے ان ناظرین کو متوجہ کرنے کے لیے بھی اپنایا جارہا ہے، جو کہیں نہ کہیں اسلام کو شدت پسندی سے منسلک کرتے ہیں۔'
چینل فور کے سربراہ راف لی نے ’ریڈیو ٹائمز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'چینل فور پر اذان کا لائیو ٹیلی کاسٹ ہونا نہ صرف روزے داروں کو نماز وقت پر ادا کرنے کی ترغیب دلائے گا، بلکہ برطانیہ میں رہنے والے دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو برطانیہ میں مقیم 2.8۔ ملین مسلمانوں کے مقدس مہینے کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گا۔'
انھوں نے مزید کہا کہ،'چینل فور کو اس فیصلے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کہ وہ اقلیتی مذہب کو فروغ دے رہا ہے۔ لیکن، ہمارا کام اقلیتی قوموں کو نمائندگی فراہم کرنا ہے خاص طور پر ان لوگوں کو جنھیں اپنی بات کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا ہے'۔
برطانوی مسلم کونسل کی جانب سے برطانوی ٹی وی کے اس اقدام کو سراہا گیا ہے۔

مسلم کونسل کے ترجمان کے مطابق،'رمضان مسلمانوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل مہینہ ہے اور برطانوی مین اسٹریم چینل پر اس مہینے کے تقدس کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا یقینا قابل ستائش اور یک جہتی کی علامت ہے'۔
'
نشنل سیکولر تنظیم کے صدر ٹیری سینڈرسن نے اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہو ئے کہا کہ 'بظاہر چینل کا یہ عمل وقت کی ضرورت معلوم ہوتا ہے کیونکہ برطانیہ میں مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد مقیم ہے۔ لہذا، کچھ وقت مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے رمضان کے لیے چینل کا وقت نکالنا نامناسب معلوم نہیں ہوتا۔'
ناقدین کا کہنا ہے کہ چینل فور ماضی میں بھی اس طرح کے فیصلے کرتا رہا ہے، جن کا مقصد ناظرین کی توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔
XS
SM
MD
LG