رسائی کے لنکس

علی ظفر کی یہ چوتھی بالی ووڈ فلم ہے جس میں وہ لیڈنگ رول کررہے ہیں۔ اس سے قبل ان کی فلمیں ’لندن، پیرس، نیویارک‘ اور ’میرے برادر کی دلہن‘ ریکارڈ کامیابی سے ہمکنار ہوچکی ہیں

پاکستانی نژاد بالی ووڈ ایکٹرعلی ظفر ایک نہیں کئی صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ وہ سنگر بھی ہیں، اداکار بھی اور ماڈل بھی۔آپ ان کی بھرپور صلاحیتوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے تیار ہو جایئے۔ کیوں کہ اپریل میں ان کی نئی فلم ’چشم بدور‘ ریلیز ہونے والی ہے جبکہ اس کا میوزک پہلے ہی ریلیز ہوچکا ہے۔

جی ہاں، ’چشم بدور‘۔ یقیناً آپ کا سنا ہوا نام ہے۔ اسی نام کی ایک فلم 1981ء میں ریلیز ہوچکی ہے جسے آرٹ فلموں کی مشہور ڈائریکٹر سائیں پرانج پے نے تیار کیا تھا۔فلم کے نمایاں فنکاروں میں شامل تھے فاروق شیخ اور دپتی ناول۔ فلم لو اسٹوری کے ساتھ ساتھ ہلکی پھلکی کامیڈی سے سجی تھی۔

اسی فلم کو اب ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون نے ری میک کیا ہے، جو علی ظفر کے ساتھ فلم میں فاروق شیخ والا کردار اداکررہے ہیں۔ فلم اپریل کے شروع میں ریلیز ہوگی۔

’چشم بدور‘ علی ظفر کی چوتھی بالی ووڈ فلم ہے جس میں وہ لیڈنگ رول کررہے ہیں۔ اس سے قبل ان کی فلمیں ’لندن، پیرس، نیویارک‘ اور ’میرے برادر کی دلہن‘ ریکارڈ کامیابی سے ہمکنار ہوچکی ہیں۔

فلم کو پاکستان میں پروموٹ کرنے والے ادارے’ انسا ئیکلو میڈیا پی آر‘کی عہدیدار سحر اقبال نے ’وائس آف امریکہ‘ کے نمائندے کو بتایا، ’علی ظفر کے پاکستانی پرستاروں کو ابھی سے ”چشم بدور“ کا انتظار شروع ہوگیا ہے ۔ میوزک کی ریلیز کے بعد تو اس کے چرچے بھی شروع ہوگئے ہیں۔ علی ظفر کے فیس بکس پیج پر میوزک کلپ موجود ہے جسے اب تک ہزاروں لوگ سن چکے ہیں۔‘

فلم کے بارے میں خود علی ظفر نے بتایا کہ، ’جس وقت میں نے پرانی ’چشم بدور‘ دیکھی تو مجھے بخوبی اس بات کا اندازہ تھا کہ کہانی کے پلاٹ پر فاروق شیخ کا کردار چھایا ہوا ہوگا، اس لئے یہ کردار ادا کرنا میرے لئے ایک چیلنج تھا۔ ڈیوڈ دھون جی نے کمال ہنر کے ساتھ فلم تیار کی ہے جو پورے خاندان کے لئے زبردست تفریح کا ذریعہ ہے۔‘

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG