رسائی کے لنکس

وینزویلا:شاویزکی جماعت دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام


وینزویلا:شاویزکی جماعت دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام
وینزویلا:شاویزکی جماعت دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام

وینزویلا میں حکام نے کہا ہے کہ صدر ہوگو شاویز کی برسراقتدار سیاسی جماعت ”سوشلسٹ پارٹی“ نے ایک روز قبل ہوئے پارلیمانی انتخابات میں بیشتر نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے لیکن یہ انفرادی طور پر قانون سازی کے لیے درکار دو تہائی اکثریت سے کم ہے۔

قومی الیکٹورل کونسل کے حکام نے پیر کو بتایا کہ صدر کی پارٹی نے 165 میں سے نوے نشستیں جیتی ہیں جب کہ حزب اختلاف کے اتحاد کے امیدوار کم از کم 59 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔ بقیہ نشستیں یا تو کسی تیسری جماعت نے جیتی ہیں یا ان پر فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔

ایک تہائی نشستیں جیتنے کے بعد حزب اختلاف کے رہنما ء اس قابل ہو گئے ہیں کہ وہ صدر شاویز کے تجویز کردہ آئینی قوانین کی پارلیمان سے منظوری روک سکیں۔

صدر شاویز کے مخالفین نے 2005ء میں ہونے والے انتخابات کا بائیکاٹ کر دیا تھا جس کے بعد قومی اسمبلی میں حزب اختلاف محض چند نشستوں تک محدود ہو کر رہ گئی تھی۔

2012ء میں ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل ان پارلیمانی انتخابات کو صدر شاویز کے لیے ریفرنڈم تصورکیا جا رہا ہے۔ انھوں نے ملک بھر میں سوشلسٹ پارٹی کے امیدواروں کے حق میں بھرپور مہم چلائی تھی۔ صدر شاویزآئندہ چند مہینوں میں ایسے قوانین متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں جن کے ذریعے ان کی حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو قومیانے کی اہل ہو گی۔

XS
SM
MD
LG