رسائی کے لنکس

پاکستانی طلبہ کے لیے چیونگ اسکالر شپ میں اضافہ


پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے چیونگ وظائف کے تحت پاکستان سے آنے والے طلبہ کی تعداد میں چار سو گنا اضافہ کیا ہے۔

برطانوی حکومت کی طرف سے اپنی درسگاہوں میں پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف میں اضافہ کیا گیا ہے۔

برطانوی سرکاری ذرائع کے مطابق چیونگ وظائف کے منتخب طلبہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے چیونگ وظائف کے تحت پاکستان سے آنے والے طلبہ کی تعداد میں چار سو گنا اضافہ کیا ہے ۔

اس پروگرام میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد 2014 میں 17 تھی،جو 2015 میں بڑھاکر 73 کر دی گئی ہے ۔

برطانوی چیونگ وظائف ایک عالمی پروگرام ہے جو دنیا بھر میں اگلی نسل کے رہنماؤں کو تیار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ چیونگ اسکالر شپ پروگرام میں جمہوریت، جرنلزم، سیکیورٹی کے مضامین میں ماسٹر ڈگری پیش کی جاتی ہے۔

منتخب طلبہ کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا کہ پاکستان چیونگ وطائف کے لیے اولین ترجیحی ملک ہے "اس سال ہم نے وظائف میں چار سو فیصد اضافہ کیا ہے جو کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔"

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے چیونگ کے سابق طالب علموں پر فخر ہے جنھوں نے برطانوی یونیورسٹیوں اور پروفیشنل کالجز سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپس اپنے وطن آکر اپنے ملک کی تعمیر نو میں حصہ لیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ پروگرام ناصرف فوری طور پر ان کے لیے فوائد لاتا ہے بلکہ ان کے کیرئیر اور ترقی کے امکانات میں بھی اضافہ کرتا ہے بلکہ یہ پاکستان اور برطانیہ دونوں کے لیے طویل مدتی فوائد فراہم کرتا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے پاکستان 2047کے عنوان سے بات چیت کے پروگرام کا آغاز کرنے کا بھی اعلان کیا جس میں پاکستان کے سیاسی، سماجی اور اقتصادی مسائل پر بحث کی جائے گی اور دیکھا جائے گا کہ پاکستان کی عوام 2047 میں پاکستان کو کیسا دیکھنا چاہتے ہیں جب عظیم ملک کے 100 سال مکمل ہو رہے ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG