رسائی کے لنکس

سپریم کورٹ کا بحریہ انکلیو حادثے کا نوٹس


پاکستان کی عدالت عظمٰی کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد میں ایک نجی رہائشی سوسائٹی ’بحریہ انکلیو‘ میں ایک ٹی وی شو کی ریکارڈنگ کے دوران اسٹیج گرنے کے واقعہ کا از خود نوٹس لیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی زندگی‘ کے پروگرام کی ریکارنڈنگ کے دوران اسٹیج گرنے کے واقعہ پر چیف جسٹس نے اسلام آباد کے چیف الیکشن کمشنر اور پولیس سربراہ سے آئندہ 48 گھنٹوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ بحریہ انکلیو میں 28 اپریل کو اے آر وائی کے ایک پروگرام ’’عیدی سب کے لیے‘‘ کی ریکارڈنگ کی جا رہی تھی کہ اسٹیج گر گیا۔

سپریم کورٹ سے جاری بیان کے مطابق اسٹیج گرنے سے میڈیا اطلاعات کے مطابق دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

جب کہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس حادثے کے بعد امداد فراہم کرنے کی بجائے انتظامیہ کے لوگ موقع سے بھاگ گئے اور بجلی کی فراہمی بھی معطل کر دی گئی۔

اس حادثے کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بجلی بندش کے سبب امدادی کاموں میں خلل پڑا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ہی زخمیوں کو وہاں سے منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس پروگرام میں لگ بھگ 100 افراد شریک تھے جن میں سے 70 زخمی ہو گئے۔

XS
SM
MD
LG