رسائی کے لنکس

چلی: آتشزدگی سے دو افراد ہلاک، تاریخی شہر خطرے میں


والپرائیسو کے میئر جارج کاسترو نے اسے شہر کی تاریخ کی بدترین آتشزدگی قرار دیا ہے۔

چلی میں حکام نے بتایا ہے کہ ساحلی شہر والپرائیسو میں لگنے والی آگ سے کم ازکم دو افراد ہلاک اور پانچ سو گھر تباہ ہو گئے ہیں۔

بحرالکاہل کی ہواؤں سے آگ کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جسے بچھانے کے لیے امدادی کارکن سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

ان کوششوں میں شہر کا محل وقوع بھی مشکلات پیدا کر رہا ہے کیونکہ والپرائیسو پہاڑی کے ڈھلوانوں کے بیچ میں واقع ہے۔

چلی کی صدر میشیل باچیلے نے ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو شہر میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے بھیج دیا ہے۔ تقریباً پانچ ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

والپرائیسو کے میئر جارج کاسترو نے اسے شہر کی تاریخ کی بدترین آتشزدگی قرار دیا ہے۔

ہفتہ کو لگنے والے اس آگ کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔

والپرائیسو دارالحکومت سانتیاگو سے 120 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ یہاں اواخر انیسویں اور بیسویں صدی کے اوائل کے نہایت پرکشش مکانات موجود ہیں جب کہ شہر میں اب بھی پرانے دور کے ذرائع نقل و حمل کے استعمال سے یہ ایک تاریخی منظر پیش کرتا ہے۔

خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ آتشزدگی پر قابو پانے میں تاخیر کے باعث یہ تاریخی ورثہ متاثر ہوسکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG