رسائی کے لنکس

چین اور برطانیہ کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے


برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ چین اور برطانیہ کے درمیان تعاون وقت کی ضرورت ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت اس تعاون میں توسیع اور اضافے کی خواہش مند ہے۔

برطانیہ اور چین نے 62 ارب ڈالر مالیت کے تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جنہیں دونوں ملکوں کی قیادت نے "نئے مستقبل اور قریبی تعاون کی نوید" قرار دیا ہے۔

یہ معاہدے چین کے صدر ژی جن پنگ کے چار روزہ دورۂ برطانیہ کے دوران ہوئے ہیں جن پر دونوں ملکوں کے حکام نے دستخط کیے۔

چینی صدر نے بدھ کو اپنے دورے کے دوسرے روز برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون سے ان کی رہائش گاہ '10 ڈاؤننگ اسٹریٹ' میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون اور تجارت میں اضافے کے امکانات اور اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ چین اور برطانیہ کے درمیان تعاون وقت کی ضرورت ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت اس تعاون میں توسیع اور اضافے کی خواہش مند ہے۔

برطانوی وزیرِاعظم نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک جوہری توانائی کے میدان میں تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط کر رہے ہیں جس کے تحت چین برطانیہ میں دنیا کے سب سے مہنگے جوہری بجلی گھر کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چینی صدر کے دورۂ برطانیہ کے دوران دونوں حکومتوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے علاوہ دونوں ملکوں کے نجی شعبوں اور کمپنیوں کے درمیان بھی کئی معاہدے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین اور برطانیہ کے درمیان صرف تیل اور گیس کے شعبوں میں ہونےوالے معاہدوں کی مالیت 18 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

برطانوی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ اس لیے بھی چین کے ساتھ انتہائی قریبی تجارتی اور معاشی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے تاکہ دونوں ملک چین میں انسانی حقوق کی صورتِ حال سمیت دیگر متنازع امور پر کھل کر گفتگو کرسکیں۔

چینی صدر کے دورۂ برطانیہ کے دوران انسانی حقوق کی تنظیموں اور سرگرم کارکنوں کی جانب سے مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ کیمرون حکومت صدر ژی جن پنگ کے سامنے چین میں آزادیٔ اظہار اور انسانی حقوق کی صورتِ حال پر اپنی تشویش کا کھل کر اظہار کرے۔

منگل کو اپنے دورے کے پہلے روز چینی صدر نے بکنگھم پیلس میں ملکۂ برطانیہ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد انہوں نے برطانوی پارلیمان سے خطاب بھی کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG