رسائی کے لنکس

چین: کھلے عام عبادت پر قید کی سزا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیرون ملک مقیم مذہبی حقوق کے ایک گروپ 'چائنا ایڈ' کے مطابق شوانگ چرچ کو حکومت کی طرف سےایک طویل عرصے سے ہراساں کیا جاتا رہا ہے۔

چین میں پولیس نے ایک چرچ کے ان چار ارکان کو سزا دی ہے جو بیجنگ میں عبادت کرنے کے لیے کھلے عام جمع ہوئے اور اپنے چرچ کی جائیداد کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

وائس آف امریکہ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شو وانگ چرچ کے چار ارکان کو اتوار کو گرفتار کیا گیا اور اب انھیں امن و عامہ خراب کرنے کے جرم میں دس روز کی انتظامی قید کی سزا دی گئی ہے۔

چینی حکام کی طرف سے اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

بیرون ملک مقیم مذہبی حقوق کے ایک گروپ 'چائنا ایڈ' کے مطابق شوانگ چرچ کو حکومت کی طرف سےایک طویل عرصے سے ہراساں کیا جاتا رہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مالک مکان نے حکومتی دباؤ پر چرچ کی لیز ختم کرتے ہوئے یہ جگہ واپس لے لی تھی۔ گرفتار کیے گئے لوگ اندرون خانہ یہاں اپنے اجلاس منعقد کرتے تھے۔

اس وقت سے چرچ کے ارکان اس جگہ کے قریب ہی کھلے عام عبادت کرنے پر مجبور ہو گئے تاہم انہیں اکثر ہراساں کیا جاتا ہے، پولیس کے طرف سے انہیں منتشر ہونے کا حکم دیا جاتا ہے حتیٰ کہ بعض اوقات انہیں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ چرچ کے پادری اور بانی جن تیان منگ گھر پر ںظر بند ہیں۔

ایک زیر زمین چرچ ڈیوائن لو فیلوشپ کرسچین چرچ کے پادری زو یانگاہی نے وائس آف امریکہ کو جمعرات کو بتایا کہ چینی حکام نے گھروں میں قائم کلیساؤں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

"بیجنگ شووانگ چرچ نسبتاً ایک بڑا چرچ ہے اس کے1,000سے زائد ارکان ہیں۔ انہیں کھلے عام عبادت کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ جب بھی لوگوں کو گرفتار کیا جاتا ہے تو بتایا جاتا کہ پولیس انہیں پولیس اسٹیشن لے جاتی ہے اور پھر انہیں رہا کر دیا جاتا ہے۔ اب انہیں حراست میں رکھا جاتا ہے"۔

حکومت کی اجازت کے بغیر چینیوں کی طرف سے قائم کیے گیے ان چرچز کو "ہاؤس چرچ" یا "فیملی چرچ" کہا جاتا ہے۔

پادری زو کا کہنا ہے کہ حتیٰ کہ ان چرچ کو بھی دباؤ کا سامنا ہے جو حکومت کی اجازت سے قائم کیے گئے ہیں۔

مذہبی حقوق کی تنظیم چائنا ایڈ کے مطابق زی جانگ صوبے میں مبینہ طور پر 1,500 سے زائد صلیبوں کو گرا دیا گیا ہے یا انہیں چرچ کی طرف سے احتجاج کے باوجود ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں چرچ کے چند ارکان اور ان کے وکلاء کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مقامی حکومت چرچ پر غیر قانونی تعمیر کا الزام عائد کرتی ہے اور اس کا موقف ہے کہ تعمیراتی قواعد کی پابندی میں ان کے لیے ان صلیبوں کو گرا دینا ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG