رسائی کے لنکس

ماؤ کی 'توہین' پر معروف میزبان کو سزا دی جائے گی: چینی ٹی وی


بی فیوجیئن فائل فوٹو
بی فیوجیئن فائل فوٹو

سرکاری اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ کے مطابق چھپن سالہ بی ’سی سی ٹی وی‘ پر ایک ٹیلنٹ شو کی میزبانی کرنے کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔

چین کے ایک سرکاری ٹیلی ویژن نے کہا ہے کہ وہ اپنے ایک معروف اینکر کو جدید چین کے بانی ماؤ ژے تنگ کا تمسخر اڑانے پر سزا دے گا۔ اس واقعے کی وڈیو بنائی گئی تھی۔

اس وڈیو میں چائنا سینٹرل ٹیلی وژن (سی سی ٹی وی) کے میزبان بی فیوجیئن کو ایک نجی محفل میں ماؤ کے بارے میں ایک قابلِ اعتراض لفظ استعمال کرنے سے پہلے چین کے ثقافتی انقلاب کے دور کے ایک آپرا کی نقل اتارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ وڈیو جلد ہی چین کے سوشل میڈیا پر پھیل گئی جس کے بعد ’سی سی ٹی وی‘ نے بی کو معطل کر دیا۔

بدھ کو ایک بیان میں ’سی سی ٹی وی‘ نے کہا کہ بی فیوجیئن کے بیان سے ’’سنگین سماجی اثرات‘‘ مرتب ہوئے ہیں اور عزم کیا کہ اس معاملے سے ’’تفصیلی تحقیق کے بعد متعلقہ ضوابط کے تحت‘‘ نمٹا جائے گا۔

سرکاری اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ کے مطابق چھپن سالہ بی ’سی سی ٹی وی‘ پر ایک ٹیلنٹ شو کی میزبانی کرنے کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔

ان کا تبصرہ چینی معاشرے میں ماؤ کی میراث کے بارے میں متضاد رائے کو ظاہر کرتا ہے۔ ماؤ 1949ء میں قائم ہونے والی چین کی کمیونسٹ پارٹی کے چیئرمین رہے۔

1976ء میں وفات پانے والے ماؤ نے چین کو ایک زرعی ملک سے صنعتی معیشت میں تبدیل کیا مگر اس دوران لاکھوں افراد بھوک سے مر گئے۔

ان کی وفات کے بعد کے سالوں میں پارٹی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے غلطیاں کیں۔ پارٹی کا سرکاری مؤقف یہ رہا ہے کہ ماؤ کی پالیسیاں 70 فیصد صحیح اور 30 فیصد غلط تھیں۔

XS
SM
MD
LG