رسائی کے لنکس

چین: حراست میں لیے گئے 20 غیر ملکی سیاحوں میں سے 11 رہا


چینی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد نے اپنے ہوٹل کے کمرے میں ایک کالعدم تنظیم کی پروپیگنڈا وڈیوز دیکھی تھیں۔

برطانوی دفتر خارجہ اور جنوبی افریقہ کے ایک فلاحی ادارے کے مطابق چین نے 20 غیرملکی سیاحوں کے ایک گروپ کو کسی ’’دہشت گرد گروپ‘‘ سے تعلق کے شبہ میں گرفتار کر لیا۔

جنوبی افریقہ کے فلاحی ادارے ’گفٹ آف دی گیورز فاؤنڈیشن‘ نے اپنے فیس بک صفحے پر بتایا کہ 10 جنوبی افریقی، نو برطانوی اور ایک بھارتی شہری کو چین کے علاقے اِنر منگولیا کے ایرڈوس ائیرپورٹ سے گزشتہ جمعے کو گرفتار کیا گیا۔

فلاحی ادارے کے بیان کے مطابق چین نے گیارہ سیاحوں کو رہا کر دیا ہے جبکہ باقی بغیر فردجرم کے انر منگولیا کے ایک حراستی مرکز میں قید ہیں۔ زیر حراست افراد میں پانچ جنوبی افریقی، تین برطانوی اور ایک بھارتی شہری شامل ہیں۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد نے اپنے ہوٹل کے کمرے میں ایک کالعدم تنظیم کی پروپیگنڈا وڈیوز دیکھی تھیں۔

آفات میں امداد فراہم کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ ان سیاحوں کا کسی دہشتگرد تنظیم سے تعلق نہیں اور اپنے ملکوں میں ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں، بلکہ وہ ’’قدیم چین کی سیر‘‘ کے لیے 47 روزہ دورے پر تھے۔

ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ اور برطانیہ کے سفارتخانوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے چینی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کی ہے۔ چین کے حکام نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

چین غیر ملکی مشنری اور امدادی اداروں کی سرگرمیوں کی سخت نگرانی کرتا ہے۔ بیجنگ نے اس سے قبل ایغور مسلمانوں اور دیگر افراد کو بھی گرفتار کرکے ان پر حکومت کی نظر میں غیر مناسب وڈیو دیکھنے یا دوسروں تک پہنچانے کی فرد جرم عائد کی ہے۔

XS
SM
MD
LG