رسائی کے لنکس

چِن نے پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرادی


منحرف چینی نابینا شخص، چن گوانگ چینگ کا کہنا ہےکہ وہ اور اُن کے اہل خانہ نے پاسپورٹ کی درخواست پُر کرکےحکام کے حوالے کر دی ہے، اور اُن کا کہنا ہے کہ چینی حکام نے اُنھیں بتایا ہے کہ اُن کے سفر کے کاغذات اس ماہ کے آخر تک جاری کردیے جائیں گے۔

چن نے یہ بات بدھ کو بیجنگ کے ایک اسپتال سے ’وائس آف امریکہ‘ کی مندرین سروس کے ساتھ گفتگو میں بتائی، جہاں دو ہفتے سے اُن کے زخموں کا علاج ہورہا ہے۔ اُنھیں یہ زخم گذشتہ ماہ گھر کی نظربندی سے ڈرامائی انداز میں فرار کے دوران آئے تھے۔

اُنھوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے فوٹو لیے گئے ہیں اور بدھ کو شینگ ڈونگ کے صوبائی سکیورٹی اہل کاروں نے درخواست فارم اسپتال میں ہی اُن کے حوالے کیا تھا۔

چن کے مطابق اُنھوں نے آج ہی پاسپورٹ کے لیے فارم بھرے ہیں اور حکام نے اُنھیں بتایا ہے کہ 15روز کے اندر اندر اُنھیں پاسپورٹ مل جائے گا۔

چن کی طرف سے پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست جمع کرانا اُن کے بیرون ملک سفر کی کوشش کی غماز ہے، جب کہ سرکاری حکام نےاسی ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ وہ اُنھیں امریکہ کی نیو یارک یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دیں گے۔

دریں اثنا، چن کے معاملے میں الفاظ کا سفارتی تبادلہ بدھ کو بھی جاری رہا، جب چینی وزرات خارجہ نے ایک بار پھر امریکہ پر چین کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کا الزام لگایا۔

نئے الزامات سے قبل منگل کو ایک اعلیٰ سطحی بین البراعظمی ٹیلی فون کال کے دوران چن نے سماعت کرنے والی ایک امریکی کانگریشنل کمیٹی کوبتایا کہ اُنھیں اور ان کے اہل خانہ کو سکیورٹی کا خطرہ درپیش ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اُن کے خالہ زاد بھائی اور بڑے بھائی کو چینی پولیس نے زدو کوب کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG