رسائی کے لنکس

چین: زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1144ہوگئی


چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ ملک کے شمال مغرب میں آنے والے شدید زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزا 144 ہوگئى ہے اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش بدستور جاری ہے۔

وزارتِ صحت نے جمعے کے روز کہا ہے کہ 1000 سے زیادہ بہت شدید زخمی لوگوں کو زلزلے سے متاثرہ علاقے سے نکال کر ایسے قریبی ہسپتالوں میں پہنچادیا گیا ہے ، جہاں علاج کی بہتر سہولتیں موجود ہیں۔

بدھ کے روز صوبہ چِنگ ہائى کی کاؤنٹی یُو شُو میں 6.9 شدّت کے زلزلے میں 11 ہزار سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے تھے۔لگ بھگ 300 لوگ ابھی تک لاپتا ہیں۔

چینی وزیرِ اعظم وَین چِیا پاؤ نے زلزلے سے متاثرہ علاقے کا اپنا دوروزہ دورہ جمعے کےروز مکمل کرلیا۔انہوں نے کہا ہے کہ پورا ملک متاثرہ لوگوں کے غم میں شریک ہے۔زلزلے سے متاثر ہونے والوں کی اکثریت کا تعلق تبّت سے ہے۔

تبّت کے بودھ بِھکشوؤں سمیت، امدادی کارکن عمارتوں کےملبے میں ممکنہ طور پر زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کررہے ہیں۔یُو شُو کے علاقے میں سطحِ سمندر سے بہت زیادہ بلندی اور شدید سردی کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پڑ رہی ہے۔

اصل زلزلے اور بعد میں آنے والے جھٹکوں کے باعث کمزور اور ناقص تعمیر والی عمارتیں منہدم ہوگئى ہیں اور اس طرح ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔

صدر ہُو چن تھاؤ اپنا لاطینی امریکہ کا دورہ منسوخ کرکے واپس چین جارہے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی سِنہوا نے چِنگ ہائى میں ایک مقامی عہدے دار کے حوالے سے کہا ہے کہ یُو شُو کاؤنٹی کے سب سے بڑے شہر چئى گُو میں 85 فیصد گھر مسمار ہوگئے ہیں۔

متاثرہ علاقے میں ایک آبی ذخیرے کے بند پر ایک دراڑ بھی پریشانی کا سبب بن گئى ہے اور کارکن کسی ممکنہ سیلاب کو روکنے کے لیے بہت تیزی سے کام کررہے ہیں۔

صرف دو سال پہلے برابر کے صوبے سِچوان میں 7.9 شدّت کے ایک ہولناک زلزلے میں تقریباً 90 ہزار لوگ ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG