رسائی کے لنکس

چین: زلزلے میں ہلاکتیں 391 تک پہنچ گئیں


چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق زلزلے سے 12 ہزار گھر تباہ اور 30 ہزار کو نقصان پہنچا۔

چین کے جنوب مغربی پہاڑی علاقے میں شدید زلزلے کے تقریباً 24 گھنٹوں کے بعد حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 391 جبکہ ہزاروں عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔

اتوار کو آنے والے اس زلزلے میں 1800 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے اور کئی لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز صوبہ یوننان میں ڈیڑھ کلومیٹر زیر زمین تھا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق زلزلے سے 12 ہزار گھر تباہ اور 30 ہزار کو نقصان پہنچا۔

امدادی کام جاری ہے اور مرکزی حکومت کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں خیمے، پانی و خوراک کے علاوہ دیگر امدادی سامان بھیج دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ آنے والے دنوں کے لیے وہاں بارشوں کی پیشں گوئی کر رکھی ہے۔

ژنہوا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ زلزلے کے شدید جھٹکے یوننان کے مختلف علاقوں کے علاوہ ملحقہ صوبہ گوآئیزو اور سچوان میں بھی محسوس کیے گئے۔

سرکاری ٹی وی چینل 'سی سی ٹی وی' کے مطابق یوننان میں گزشتہ 14 سالوں میں یہ شدید ترین زلزلہ تھا۔

چین کے جنوب مغربی حصے میں زلزلے کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ 2012ء میں یوننان میں آنے والے زلزلے میں 80 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG